اساتذہ و ماہرین پریکٹیکل ٹریننگ کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں ۔ صائمہ سعید سیکرٹری خصوصی تعلیم
محکمہ خصوصی تعلیم کے زیر اہتمام ”آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کے شکاربچوں کی تعلیم اور بحالی کے لیے اساتذہ اور پیشہ ور افراد کی صلاحیتی تعمیر“کے تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد

سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کے شکار بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے پنجاب کے 10 اضلاع سے 30 اساتذہ اور ماہرین کو منتخب کیا اور انہیں آٹزم کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے ذریعے تربیت دی گئی ہے۔
لاہور (خبر نگار) محکمہ خصوصی تعلیم کے زیر اہتمام ”آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کے شکاربچوں کی تعلیم اور بحالی کے لیے اساتذہ اور پیشہ ور افراد کی صلاحیتی تعمیر“کے تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سیکرٹری محکمہ خصوصی تعلیم صائمہ سعید،ڈائریکٹر جنرل آمنہ منیر،ایڈیشنل سیکرٹری خدیجۃالکبریٰ،ڈائریکٹر پلاننگ زاہد مجید،ڈائریکٹر ایڈمن غلام مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر نصاب خولہ منہاس اور طاہرہ ابرارپرنسپل اِن سروس ٹیچرز ٹریننگ کالج لاہور نے شرکت کی۔ تقریب میں اساتذہ اور ماہرین سے دوران ٹریننگ بنوائے گئے تدریسی و معاونی مواد و ماڈلز کی نمائش بھی کی گئی جسے سیکرٹری محکمہ خصوصی تعلیم نے سراہا۔ یہ ٹریننگ پروگرام گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن اور یونیسیف کے تعاون سے کروایا گیا جو کہ حکومت پنجاب محکمہ خصوصی تعلیم کا ایک قابل ذکر اقدام ہے۔ محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کے شکار بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے پنجاب کے 10 اضلاع سے 30 اساتذہ اور ماہرین کو منتخب کیا اور انہیں آٹزم کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے ذریعے تربیت دی گئی ہے۔
خصوصی تربیت کا مقصد آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر والے بچوں کی منفرد ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اساتذہ اور پیشہ ور افراد کو ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ یہ 30 ٹرینی جنہیں اب ماسٹر ٹرینرز کے طور پر سر ٹیفکیٹ دیا گیا ہے، نہ صرف اپنے سکولوں میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنائیں گے بلکہ اپنے متعلقہ اضلاع میں دوسرے اساتذہ اور پیشہ ور افراد کو تربیت فراہم کرنے کا کام بھی کریں گے، جو آٹزم کے شکار بچوں کی تعلیم اور بحالی پر وسیع پیمانے پر اثر ڈالنے میں معاون ہوگا۔
سیکریٹری سپیشل ایجوکیشن صائمہ سعید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم اور ریسورس پرسنز کی لگن کو سراہا جنہوں نے تربیتی پروگرام کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تربیت یافتہ اساتذہ اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پریکٹیکل ٹریننگ کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور فالو اپ کی اہمیت پر زور دیا، جس سے آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کے شکار بچوں کے لیے ایک معاون اور جامع تعلیمی ماحولیاتی نظام بنانے کے عزم کو تقویت ملے گی۔






