پاکستانسٹیسیاست

کشکول صرف توڑیں گے ہی نہیں ہمیشہ کیلئے دفن بھی کر دیں گے:عبدالعلیم خان

غریب کے کاندھوں پر لدی دکھوں کی گٹھڑی اتار پھینکیں گے:جلسوں سے خطاب. پی ٹی آئی ٹکٹ کے امیدوار جواد خالد گجر، سابق ناظمین و مختلف دھڑوں کا حمائیت کا اعلان 

لاہور(خبر نگار)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اورلاہور سے این اے117اور پی پی149کے علاوہ خانیوال سے پی پی209سے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کشکول صرف توڑیں گے ہی نہیں اس کو ہمیشہ کے لئے دفن بھی کر دیں گے،پاکستان میں مہنگائی اور غربت کو جڑ سے ختم کریں گے تاکہ مالیاتی اداوں سے قرض کے بدلے بھاری شرائط عائد نہ ہوں۔ اپنے حلقے میں کھوکھر گاؤں اور دیگر علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ میں عام آدمی کو300یونٹ مفت بجلی، موٹر سائیکل سواروں کو آدھی قیمت پر پٹرول، 50ہزار رو۱پے ماہانہ تنخواہ اور وہ سہولتیں دینے کے لئے الیکشن لڑ رہا ہوں جس سے زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ غریبوں کی آنکھیں غربت کے آنسوؤں کا بوجھ برداشت کرتے تھک گئی ہیں، ہم ان آنسوؤں کو پونچھ کر اُن آنکھوں میں خوشحالی کے سنہرے سپنے سجا دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کیلئے ڈٹ کر کھڑے رہیں گے اور عوام سے کیے ہوئے وعدوں کو ہر حال میں پورا کریں گے۔ عبدالعلیم خان نے حلقہ این اے117کے صوبائی حلقے پی پی145سے تحریک انصاف کی ٹکٹ کے امیدوار جواد خالد گجر کی طرف سے حمائیت کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔
حلقہ این اے 117 سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ناظمین او ر ٹاؤن صدور کے علاوہ پارٹی عہدیداروں کی بڑی تعداد نے عبد العلیم خان سے ملاقات کے بعد ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے مختلف دھڑوں اور یونین کونسلز کے عہدیداران بھی اُن کی انتخابی مہم میں شامل ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اندرون لاہور راوی روڈ سے معروف سیاسی شخصیت و سابق ناظم سہیل محمود ملک اور پی ٹی آئی راوی ٹاون کے سابق صدر مبشر لال نے صدر آئی پی پی اور این اے117سے امیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ علاوہ ازیں امیدوار این اے 117 عبدالعلیم خان کے ساتھ مختلف یونین کونسلوں کے سابق ناظمین نے بھی ملاقات کی اور آئی پی پی اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم میں شرکت کا اعلان کیا۔ ملاقات کرنے والے سابق ناظمین ملک ادریس، اعجاز شاہ، ملک طارق، دانش ملک اور ملک عاشق سمیت دیگر نے مکمل سپورٹ اور ووٹ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ 8فروری کو عقاب اور شیر کے نشان پر مہر لگا کر کامیابی کی تاریخ رقم کریں گے۔علاوہ ازیں یو سی 5سے ملک معراج کی سربراہی میں سابق کونسلرز اور بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے بھی عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد ان کی حمایت اور انتخابی مہم میں شریک ہونے کا اعلان کیا۔ پاکستان تحریک انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن اور مذکورہ حلقے سے مختلف برادریوں کے نمائندوں و سربراہان نے بھی عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد اپنی سیاسی وابستگیاں ان کے نام کر دیں۔ان کا کہنا تھا کہ 8فروری عقاب کی پرواز کا دن ہے انشاء اللہ عبدالعلیم خان کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر امیدوار این اے 117عبدالعلیم خان نے انتخابی مہم میں شامل ہونے والوں اور حمایت کا اعلان کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے کے تمام علاقوں کی صورتحال سے باخبر ہوں اور شہریوں کو بھر پور سہولتیں فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہوں، انشاء اللہ اس علاقے کو مثالی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button