
لاہور (خبرنگار)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور میو ہسپتال کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال پروفیسر احسن نعمان، چیف آپریٹنگ آفیسر پروفیسر فیصل مسعود، پروفیسر امیر افضل، پروفیسر یار محمد، ڈاکٹر سہیل نیازی، ڈاکٹر کاشف نصیر سمیت نرسز اور پیرامیڈیکس نے شرکت کی۔واک میو ہسپتال ایمرجنسی سے شروع کی گئی شرکاء نے کشمیری بہن بھائیوں پر ہونے والے مظالم پر بات کرتے ہوئے بھرپور انداز میں مذمت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف مذمت کرنا اور آواز بلند کرنا تھا آج یوم یکجہتی کشمیر کےموقع پر پاکستانی قوم اپنے غیور اور بہادر کشمیریوں کے جدبہ جب الوطنی کو سراہتی ہے اور شہداء کشمیر کوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ہم بحث پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور اقوام عالم کو پیغام دیں گے کہ کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق علیحدہ ملک اور قوم کا درجہ دیا جائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے حال ہی میں افتتاح ہونے والے میو ہسپتال ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور باقاعدہ طور پر ایمرجنسی کو فنگشنل کر دیا گیا ان کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال کی ایمرجنسی کو 170 بیڈ سے بڑھا کر 250 بیڈ کر دیا گیا ہے یہ ایمرجنسی پاکستان میں کسی بھی ہسپتال کی سب سے بڑی ایمرجنسی ہے جو کہ وزیر اعلٰی پنجاب کی جانب سے عوام کے لئے تحفے سے کم نہ ہے جس پر ہم وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کے بے حد مشکور ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی بلاک کو مرحلہ وار آپریشنل کیا جائے گا تاکہ آنے والے مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر میو ہسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں فرینڈز آف میو کے تعاون سے 50 لاکھ سے زائد رقم سے لفٹ کا بھی افتتاح کیا گیا جس کو طارق مصطفٰی نے مریضوں کے لئے عطیہ کیا۔ اس موقع پر فرینڈز آف میو سے فاطمہ فضل، عنبرین عرفان، بریگیڈیئر ریٹائرڈشاداب علی خان، عثمان تارڑ اور دیگر ممبران موجود تھے۔







