
ایکس پر مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائد نواز شریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کے لیے شہباز شریف کو نامزد کر دیا ہے۔ پارٹی قائد نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کے لیے مریم نوازشریف کو نامزد کردیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نوازشریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں اپنی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے لیے مسلم لیگ(ن) کی حمایت کریں گے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس کے بعد مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا تھا۔







