
ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں سعودی عرب اور پاکستان میں چھ جون کوجوڑ پڑے گا. فیفا نارملائزیشن کمیٹی نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے میچ کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی
لاہور (رپورٹ: محمد بابر) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو کے اہم میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سعودی عرب کی مضبوط ٹیم سے مقابلے کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی ہے۔ قومی ٹیم نے جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کوچ سٹیفن کونسٹن ٹائین کی زیر نگرانی سخت گرمی میں چھ جون کو کھیلے جانے والے اس اہم ترین میچ کیلئے بھرپور ٹریننگ کی جس کے بعد ٹیم کے کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے گزشتہ میچوں کی نسبت بہتر کھیل کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستان میں سیاسی چپقلش کے باعث نمائندہ فیڈریشن کی غیرموجودگی میں فٹبال کے معاملات چلانے کیلئے فیفا کی جانب سے ہارون ملک کی سربراہی میں قائم کردہ نارملائزیشن کمیٹی نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے سعودی عرب کے خلاف مقابلے کے لئے شبانہ روز محنت سے اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں فلڈلائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جبکہ گراؤنڈ اور شائقین کیلئے بھی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سعودی عرب کی فٹبال ٹیم ایک طویل عرصہ کے بعد پاکستان آرہی ہے جس کے باعث شائقین فٹبال میں بھی اس مقابلے کے حوالہ سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ملک بھر سے شائقین فٹبال کی میچ کیلئے سٹیڈیم آمد کی امید ہے۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں عالمی چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی کامیابی نے اسے دنیائے فٹبال کی صف اول کی ٹیموں میں لا کھڑا کیا ہے جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے ورلڈ کپ کی میزبانی کے اعلان اور روشن سعودی لیگ میں رونالڈو اور کریم بینزیما جیسے کھلاڑیوں کی شمولیت کے باعث سعودی عرب دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب رہا ہے۔ مہمان ٹیم مقابلے سے ایک روز قبل چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے وفاقی دارالحکومت پہنچے گی جہاں شام کو ٹریننگ سیشن اور پریس کانفرنس کے بعد اگلے روز دونوں ٹیموں کا ٹاکرا ہوگا۔اطلاعات کے مطابق میچ کیلئے پاکستان میں سعودی سفیر سمیت دیگر ممالک کے سفیروں اور اعلی حکومتی عہدیداروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔فیفا کی عالمی رینکنگ کے مطابق سعودی عرب اس وقت 53 جبکہ پاکستان 195 نمبر پر موجود ہے تاہم اس واضع فرق کے باوجود قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپ سیٹ کرنے والی سعودی ٹیم کو اپ سیٹ کرنے کی خواہشمند ہے۔