
نرسز کے مسائل کے حل کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی بنانے کی ہدایت. نرسز کی جلد پروموشن کے لئے سروس سٹرکچر بہتر بنایا جارہا ہے، خواجہ سلمان رفیق
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق سے ہسپتالوں میں ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کے بعد ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے وفد نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر روزینہ منظور نے کی۔ملاقات میں صوبائی وزرا صحت کو نرسز کی پروموشن، سروس سٹرکچر، دیگر مسائل، مطالبات سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزرا صحت نے نرسز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پیار کرنے والوں کے ساتھ پیار اور انکے مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ہڑتال کرکے ڈسپلن خراب کرنے والوں سے کوئی مزاکرات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نرسز کے مطالبات اور مسائل کے حل کے لئے دونوں محکموں کی ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ٹیکنیکل کمیٹی میں نرسز کے 4 نمائندے بھی شامل کئے جائیں گے۔صوبائی وزرا صحت ٹیکنیکل کمیٹی کی ہفتہ وار کارروائی کی نگرانی کریں گے۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ایک سال کے اندر ڈاکٹرز اور نرسز کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور نرسز کی عزت و توقیر پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نرسز کی جلد پروموشن کے لئے سروس سٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 20-20 سال نرسز کی اگلے گریڈ میں ترقی نہ ہونا قابل افسوس امر ہے۔نرسنگ سیکٹر کو مضبوط کرنے کے لئے بھرپور وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز کی خدمات سے لاکھوں لوگ ہسپتالوں سے شفایاب ہوکر اپنے گھروں میں جاتے ہیں۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹریز راجہ منصور، اور محمد اقبال، ڈاکٹر زاہد پرویز اور ڈاکٹر شاہجہان بھی موجود تھے۔

