
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں حلقہ پی پی 153 کے حوالہ سے واسا حکام نے ملاقات کی۔اس موقع پر ایکسیئن تاج پورہ زوہیب، ایکسیئن فتح گڑھ کاشف رسول، رفعت حسین اور سید اخلاص شاہ سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے حلقہ پی پی 153 کے حوالہ سے ترقیاتی منصوبوں اور واسا کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اورمتعلقہ افسران نے اس حوالہ سے صوبائی وزیر کوبریفننگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایاکہ متعلقہ علاقہ جات میں مون سون سے نمٹنے کیلئے واسا کیمپس نصب کر دیئے گئے ہیں۔ حلقہ پی پی 153 میں واٹر باؤزرز کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ واسا انتظامات کا جائزہ لینے جلد حلقہ پی پی 153 کا دورہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ واسا حکام کو کھڑے پانی کے نکاس کیلئے مناسب انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واسا حکام کو حلقہ پی پی 153 میں ایچ آر بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔