
فارم 47کی جعلی حکومت کا عوام میں کوئی میعار نہیں، لوگ ان حکمرانوں کی اصلیت جانتے ہیں. ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو اداروں کو آئین پر عمل درآمد کرنا ہوگا. امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمدجاویدقصوری
لاہور (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ درست اقدام،اس کو خوش آئندہ قرار دیتے ہیں۔ ثابت ہو گیا کہ مخصوص افراد کو نوازنے کے لئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ غلط تھا۔الیکشن کمیشن کی جانبداری کھل کر سامنے آچکی ہے۔ جب تک ادارے آئین و قانون پر عمل درآمد نہیں کریں گے اس وقت تک پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ چند پارٹیوں کو نوازنے کے لئے پورے سسٹم کو ہی تلپٹ کر کے رکھ دیا گیا ہے۔فارم 47کی جعلی حکومت کا عوام میں کوئی میعار نہیں، لوگ ان حکمرانوں کی اصلیت جانتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمیشن اپنے عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے انہی حکمرانوں نے پورے معاشی نظام کو ہی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے آئی ایم ایف کے در پر سجدہ ریز ہونے میں ہی عافیت جانی جس سے عوام کے لئے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ حکمرانوں کی کارکردگی دعووں، وعدوں، زبانی کلامی اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات تک محدود ہے۔ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل کی دولت سے نوازاہے مگر حکمرانوں کی نا قص پالیسیوں کے سبب ہم ان سے بھر پورانداز میں استفادہ کرنے سے قاصر ہیں بلکہ الٹاان قدرتی وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھاتے ہوئے ثمرات حاصل کررہی ہیں۔ہمیں قرضوں کی بجائے خود انحصاری اوراپنے وسائل سے استفادہ کرنا ہوگا تب ہی جاکر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک مسائلستان بن چکا ہے۔کرپٹ مافیا نے ہر سطح پر لوٹ مار مچا رکھی ہے۔ بد قسمتی سے موجودہ نگران حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ حکومتی ناقص کارکردگی کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ پروٹوکول کی نفی اورقوم کو کفایت شعاری کا درس دینے والے دو درجن گاڑیوں کے قافلے میں گھومتے پھرتے ہیں۔ معیشت کی تباہی کے اصل ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنھوں نے سیاسی مخالفین کو دبانے اور ان کوگرفتار کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد کا محاسبہ اداروں کا کام ہے اور ضرورت اس امر کی ہے وہ بغیر کسی سیاسی دباو کے اپنا کام کریں۔ نا اہل، کرپٹ حکمرانوں اورانتظامیہ نے ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیے ہیں۔ رواں سال اداروں کا کل خسارہ 500ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔اربوں روپے کے خسارے کا شکار ان اداروں میں پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن، پاکستان سٹیل مل اور بجلی بنانے والی کمپنیاں سرِفہرست ہیں، جنھیں فعال رکھنے کے لیے حکومت پاکستان کو ہر سال اربوں روپے قومی خزانے سے ادا کرنا پڑتے ہیں۔






