
لاہور(خبر نگار) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا دورہ کر کے صوبہ بھر میں بارشوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹرجنرل عرفان علی کاٹھیا نے صوبائی وزیر کو حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیرکو بریفنگ میں بتایاکہ رواں ماہ مکانات خستہ عمارتوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 24 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی ڈی ایم اے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کو یقینی بنائے۔ دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کی صورتحال نارمل ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ غازی خان میں رود کوہیوں کی صورتحال بارے تفصیلی بریفننگ دی ہے۔ کوہ سلیمان پہاڑوں میں بارشوں کے سبب رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ تمام محکمہ جات، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہاکہ صوبائی اور ضلعی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔ 8 اور 9 محرم کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔10 محرم الحرام کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے امکانات ہیں







