
لاہور (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی زیر صدارت لاہور کے علما کرام کا اہم اجلاس رابطتہ المدارس کے دفتر منصورہ میں منعقد ہوا، اجلاس میں علما کرام نے 26جولائی کو ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع مولانا عبد المالک،مولانا فضل اکبر ،قاری وقار احمدچترالی ،مولانا شیر عباس،مولانا عبید الرحمن بدر،مولانا سبیل احمد،مولانا عبد الرحیم شاہ،مولانا شکیل احمد ،مولانا عمر فاروق ،محمد فاروق چوہان ودیگر بھی موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ملک و قوم کو درپیش مسائل نے پر طبقہ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔کسی کو بھی سکھ کا سانس میسر نہیں۔ملکی حالات دن بدن ابتر ہو تے چلے جا رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پرمہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف 26جولائی کو اسلام آباد م ین تاریخی دھرنا دیں گے اور بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ ہوگا۔ اس دھرنے میں خواتین سمیت بچے، بوڑھے،نوجوان غرض ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص شریک ہو گا۔ ہمارا دھرنا پر امن ہوگا اور اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ لوگ ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی انتہا ہو چکی ہے، ہر چیز کی قیمت تین گنا تک بڑھ گئی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مسلسل بجلی کی قیمت میں اضافے، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا عوام کی پہنچ سے دور ہونا اور ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت عوام پر قہر بن کر ٹوٹی ہے۔فارم 47کی جعلی حکومت زیادہ دیر چل نہیں سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ76برسوں سے مٹھی بھر اشرافیہ پاکستان کو لوٹ رہی ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے تجوریاں بھریں اور ملک و قوم کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔