پاکستانسٹیسیاست

آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ ضروری، معاہدوں کی تفصیلات سامنے لائی جائیں

جماعت اسلامی ظلم کے اس نظام کے خلاف 26 جولائی کو دی چوک اسلام آباد میں بھرپور احتجاجی دھرنا دے گی

بیرونی قرض 130 ارب ڈالرسے تجاوز، ہر پاکستانی 2لاکھ80ہزار روپے کا مقروض ہو چکا ہے. امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری

لاہور (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت بجلی شدید مہنگی ہوچکی ہے، بڑے پیمانے پر کاروبار اور صنعتیں بند ہورہی ہیں، ایک آئی پی پی 50 ارب روپے میں لگا، اس کو اب تک 400 ارب روپے کی ادائیگیاں ہوچکی ہیں۔آئی پی پیز کو ماہانہ 150 ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ ہورہی ہے، بند پلانٹس کے ساتھ 10,15 فیصد پر چلنے والے پلانٹس کو بھی ادائیگیاں کی جارہی ہیں، تمام آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔آئی پی پیز میں 52فیصد حصہ حکومت کا اپنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور قصور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ظلم کے ا س نظام کے خلاف 26 جولائی کو دی چوک اسلام آباد میں بھرپور احتجاجی دھرنا دے گی، اس دھرنے میں تمام محب وطن لوگوں اور جماعتوں کو خوش آمدید کہیں گے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں ”حق دو عوام کو۔ حق دو پاکستان کو“ تحریک کاآغاز کر دیا ہے۔ ہم عوام کو درپیش مشکلات کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 کروڑ عوام پربجلی کے بل بم بن گئے، عوام بلوں کی ادائیگی کے لیے گھر کی اشیا اور خواتین زیور فروخت کر رہے ہیں، پیٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے، قومی معیشت اور عوام پر بڑا بوجھ بن چکے ہیں۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد مزید اضافے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔ حکمران طبقات، اراکین اسمبلی، سول ملٹری بیوروکریسی اور ججز اپنی مراعات کے لیے ایک ہو گئے، عوام صحت، تعلیم سمیت بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ پاکستان پر بیرونی قرض 130 ارب ڈالرسے تجاوز کرگیا، اس میں پرائیویٹ سیکٹر کا قرض بھی شامل ہے۔اس وقت ہر پاکستانی 2لاکھ80ہزار روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔ غیر ملکی اداروں سے حاصل کیا جانے والا قرض کہاں استعمال ہو رہا ہے کسی کو کچھ پتا نہیں، حکمران قومی خزانے پر شاہانہ طرز زندگی گزارنے کے سوا کچھ نہیں کر رہے۔ اربوں روپے کی مراعات چند سرکاری ملازمین اور اشرافیہ کو دی جا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button