سٹیسیاست

جنرل ہسپتال: ڈاکٹرز نے 5ماہ کے بچے کے معدے سے چابی نکال کر جان بچا لی

ایان خان کو تشویشناک حالت میں سرگودھا سے ایل جی ایچ میں منتقل کیا گیا

مسیحاؤں نے حق مسیحائی ادا کرتے ہوئے پوری جاں فشانی سے اینڈو سکوپی پروسیجر کامیابی سے مکمل کیا. ڈاکٹر حسن سلمان ملک اور ڈاکٹر حوریہ رحمان نے بروقت طبی امداد فراہم کرکے والدین کو بڑے صدمے سے محفوظ رکھا. ہسپتال کے تمام شعبوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں: پروفیسر الفرید ظفر
والدین معصوم بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کا مکمل خیال رکھیں: ڈاکٹر فریاد حسین. پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر اور ایم ایس کا ڈاکٹرز کو خراج تحسین، والدین کا اظہار تشکر

لاہور(خبر نگار) جنرل ہسپتال لاہور کے ڈاکٹرز نے پیشہ وارانہ مہارت دکھاتے ہو ئے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا پانچ ماہ کے شیر خوار بچے کی جان بچا لی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مسیحائی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرک اینڈ گیسٹرو انٹرنالوجی ڈاکٹر حسن سلمان ملک کی سربراہی میں ٹیم نے سرگودھا سے لائے گئے 5ماہ کے بچے کے معدے سے اینڈو سکوپی پروسیجر کے ذریعے چابی نکال لی جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرک اینڈ گیسٹر و انٹرنالوجی ڈاکٹر حوریہ رحمان نے معاونت کی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پانچ ماہ کے ایان خان کو تشویشناک حالت میں سرگودھا سے لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم بعض ہسپتالوں نے نازک صورتحال کے پیش نظر کیس لینے سے معذرت کر لی تھی جس پر والدین بچے کو ایل جی ایچ لے آئے جہاں مسیحاؤں نے حق مسیحائی ادا کرتے ہوئے پوری جاں فشانی سے اینڈو سکوپی پروسیجر کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے بچے کو نئی زندگی دی۔ معصوم جان کوبچانے پر والدین کی جانب سے شکرخداوندی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُن کے لخت جگر کی جان بچا کر اُن کو بڑے صدمے سے محفوظ رکھا۔
اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹرمحمد الفرید ظفرنے ڈاکٹرسلمان ملک، ڈاکٹر حوریہ رحمان اور اُن کی ٹیم کی جانب سے بچے کو بلا تاخیر وبر وقت طبی امداد فراہم کرنے اور جدید پروسیجر کے ذریعے چابی نکال کر معصوم جان بچانے پر اُن کی کاوشو ں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تاہم ڈاکٹرز کا کسی جان کو بچانے کے لئے ہر ممکن حد تک تگ و دو کرنا اور سانسوں کو بحال رکھتے ہوئے زندگی سے ہمکنار کرنا ہی اس پروفیشن کی معراج ہے۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال کے تمام شعبوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں اور یہاں دور دراز سے آئے مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جاتی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹرفریاد حسین نے بھی 5ماہ کے بچے کی جان بچانے پر ڈاکٹرز کی ٹیم کو سراہا اور والدین سے کہا کہ وہ اپنے معصوم بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کا مکمل خیال رکھیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ بچہ کوئی ایسی چیز منہ میں نہ لے جس سے اُس کی جان کو خطرہ درپیش ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button