
وزیر اعلی پنجاب کے حکم کی روشنی میں طلباء کی سکریننگ کے حوالے سے ڈی سی لاہور متحرک۔
لاہور (خبر نگار)ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے سکریننگ کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی نگرانی میں سکریننگ کے لیے طلبہ کے خون کے نمونے لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ کمیٹیوں میں ممبران کی تعداد 5 جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کمیٹی کے کنوینر بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس، سکول ایجوکیشن، کالجز اور صحت کے نمائندگان کمیٹی میں شامل ہیں اورتحصیل کے تمام تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی رینڈم سیمپلنگ کی جائے گی اورتعلیمی اداروں میں خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ڈی سی لاہوررافعہ حیدر نے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی رپورٹ جمع کروائیں گے اورروزانہ کی بنیاد پر اے سیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

