’منی بیک گارنٹی‘ روایتی فلموں سے ہٹ کر بالکل مختلف فلم ہے،پروڈیوسر شایان خان

(شو بز ڈیسک،قوت) فلم ’منی بیک گارنٹی‘سیاسی تڑکے کے ساتھ ڈکیتی کی حیران کن واردات پر مبنی مکمل تفریح ہے، جس میں اداکار فواد خان سابق کرکٹر وسیم اکرم کے مینیجر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پروڈیوسر شایان خان نے پاکستانی فلمی انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہر 3 ماہ میں ایک بڑی فلم ریلیز کرنے کا پلان تیار کیا ہے۔ آج کل فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹریلر اپنے منفرد موضوع اور اسٹار کاسٹ کی وجہ سے فلمی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ پروڈیوسر شایان خان نے فلم کے ٹریلر کو ملنے والے رسپانس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’منی بیک گارنٹی‘ روایتی فلموں سے ہٹ کر بالکل مختلف فلم ہے، جو ڈکیتی کی ایسی منفرد کہانی پر مبنی ہے، جس میں سیاسی تڑکے کے ساتھ ساتھ حیران کر دینے والے موڑ اورمناظر شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی تاریخی کامیابی قابلِ ستائش ہے۔







