لاہور (خبر نگار)
لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے زیر اہتمام امجد اسلام امجد مرحوم کی یاد میں بزم مشاعرہ و تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا اجلاس میں امجد اسلام امجد مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا طالبات نے امجد اسلام امجد مرحوم کا منتخب کلام پیش کیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشری مرزا نے امجد اسلام امجد مرحوم سے اظہار عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسی بڑی شخصیات اپنی زندگی میں اور مرنے کے بعد بھی اپنی تخلیقی خدمات کے باعث قابل تقلید ہوتی ہیں اور ان سے نوجوان نسل بہت کچھ سیکھ سکتی ہے اورسیکھنے کا یہ عمل تا حیات جاری رہتا ہے۔
انھوں نے ادب کے فروغ و ارتقا میں امجد اسلام امجد مرحوم کی خدمات کو بھی سراہا۔
امریکہ اور لندن میں مقیم شاعرہ نوشی گیلانی اور نیلما ناہید درانی نے اپنےتحریری اور ویڈیو پیغام میں امجد اسلام امجد کے وصال کو ادبی دنیا کا بہت بڑا خسارا قرار دیا۔
اجلاس میں امجد اسلام امجد مرحوم کے صاحبزادے علی زیشان ، نامور شاعر سعود عثمانی،اعجاز رضوی،سجاد بلوچ،عنبرین صلاح الدین ،حسنین مظہری ،حلقہ بزم مشاعرہ کی آرگنائزر ڈاکٹر شازیہ رزاق، صدر شعبہ اردو ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے شرکت کی۔
شرکاء نے مرحوم شاعر کے حوالے سے اپنے احساسات و جزبات کا اظہار کیا