اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور تنویر احمد جنجوعہ نے موٹر سائیکل اور سرچ لائیٹ قبضہ میں لیکر سوا لاکھ روپے جرمانہ کیا
لاہور(خبر نگار)
سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ کی صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور جس کے نتیجے میں صحرائے چولستان لنگا والا میں سرچ لائیٹ اور موٹر سائیکل کی مدد سے جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار میں مشغول ایک شخص گرفتار، مبلغ ایک لاکھ تیس ہزار روپے جرمانہ عائد۔ تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع بہاولپور تنویر احمد جنجوعہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لنگا والا صحرائے چولستان میں سرچ لائیٹ اور موٹر سائیکل کی مدد سے غیر قانونی شکار میں مشغول ایک شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک سرچ لائیٹ، ایک بندوق اور ایک موٹر سائیکل اپنی تحویل میں لے لیا ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے مبلغ ایک لاکھ تیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کیا اور کیس نمٹا دیا۔