چیف سیکرٹری کا گوجرانوالہ، گجرات اور منڈی بہاؤالدین کا دورہ، آٹا مراکز پر انتظامات کا جائزہ
نظم وضبط برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں،آٹا کی تقسیم پورا ماہ جاری رہے گی، شہری انتظامیہ سے تعاون کریں۔ چیف سیکرٹری ٹرکنگ پوائنٹس پر آٹا تقسیم کرنے والے عملہ کی تعداد بڑھانے سے متعلق احکامات جاری
لاہو(خبر نگار)
چیف سیکرٹری پنجاب نے بدھ کے روزگوجرانوالہ، گجرات اور منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا اور مفت آٹا فراہمی کے مراکز پر انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے آٹے کے حصول کیلئے آئے لوگوں سے سہولیات بارے استفسار کیا اور شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی تقسیم حکومت کا بڑا اقدام ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آٹا پوائنٹس پر نظم وضبط برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں اوررش سے بچنے کیلئے آٹے کی فراہمی کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے شہری انتظامیہ سے تعاون کریں۔انہوں نے ٹرکنگ پوائنٹس پر آٹا تقسیم کرنے والے عملہ کی تعداد بڑھانے سے متعلق بھی احکامات جاری کئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مراکز پر شہریوں کو عزت و احترام کے ساتھ آٹا فراہم کیا جارہا ہے،معمر افراد کی سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹا کی تقسیم رمضان المبارک کے دوران پورا ماہ جاری رہے گی، لوگ آٹے کے تینوں تھیلے آرام سے حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بہاوالدین میں بدھ کے روز ایک لاکھ 30ہزار آٹے کے تھیلے مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ آٹا کے معیار اور وزن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے منڈی بہاوالدین تا سرائے عالمگیر زیر تکمیل روڈ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کو ٹائم فریم کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کومزید بہتر بنایا جائے۔