مستقبل کی ترقیاتی ضروریات کے پیش نظر پنجاب کے 11 اضلاع کے ماسٹر پلان جلد مکمل کئے جائیں۔ وزیر بلدیات ابراہیم مراد
بڑے شہروں کی طرف نقل مکانی کم کرنے کے لئے شہریوں کو مقامی طور پر ہی روزگار کے مواقع مہیا کئے جائیں
لاہور (خبرنگار)وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے ہدایت کی ہے کہ مستقبل کی ترقیاتی ضروریات کے پیش نظر پنجاب کے 11 اضلاع کے ماسٹر پلان جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ عوام کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لئے صوبے میں زرعی اراضی کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ گرین ایریاز کی واضح طور پر نشان دہی کی جائے۔یہاں نئی رہائشی سکیموں کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور پہلے سے بلا اجازت قائم شدہ غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بڑے شہروں کی طرف نقل مکانی کم کرنے کے لئے شہریوں کو مقامی طور پر ہی روزگار کے مواقع مہیا کرنے کی خاطر چھوٹے شہروں میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے اکنامک کوریڈورز بنائے جائیں۔ وہ گزشتہ روزپنجاب کے 11 اضلاع کے ماسٹر پلان کی تیاری کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ام لیلیٰ نقوی نے اس سلسلے میں بریفننگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات راولپنڈی ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، ساہیوال ، خانیوال ، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ ، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ماسٹر پلان تیار کر رہا ہے۔ ان اضلاع کے لینڈ یوز کلاسیفیکیشن میپ بنا کر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دئیے گئے ہیں۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی منظوری اور نوٹیفیکیشن کے بعد ان اضلاع کے لینڈ یوز پلان بنانے جائیں گے۔ پنجاب کے 11 اضلاع کے لینڈ یوز پلان آئندہ 20 سال کی ضروریات پوری کر سکیں گے