
ماہ صیام میں دستک مہم کے ذریعے گھر گھر جا کر قرآن عظیم کا پیغام پہنچائیں گے۔
حکمرانوں کی بدتر ین سیاسی اورمعاشی پالیسیوں نے ملک و قوم کواندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی غلامی،سودی لعنت اورکرپٹ قیادت سے نجات کے بغیرملک و قوم ترقی نہیں کرسکتے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ کا غربی لاہور کی شوری اور حلف برداری تقریب سے خطاب
لاہور(خبر نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک کو سیاسی اور آئینی بحران سے نکلناچاہتی ہے۔ ہم پاکستان میں جاری اس سیاسی نورا کشتی کا حصہ نہیں ہے۔ ملک میں موجودہ سیاسی کشمش کا حل قومی ڈائیلاگ میں ہے۔ ہماری قیادت ہر سطح پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت دے رہی ہے تاکہ ملک و قوم کوسیاسی، آئینی اور انتخابی بحران سے نکلا جا سکے۔حکمرانوں کی بدتر ین سیاسی اورمعاشی پالیسیوں نے ملک و قوم کواندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار غربی لاہور کی شوری کیاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر لاہور نے عبدالعزیز عابد کوبطور امیر جماعت اسلامی غربی لاہور مقرر کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، چوہدری عبد الواحد، محمد شفیق ملک، چوہدری محمد آصف، سید علی ارتضیٰ حسنی، چوہدری عبد القیوم گجر، اکرم مغل، غلام حسین بلوچ، طلحہ ادریس، حافظ ذوالنون اور زاہد چشتی نے شرکت کی۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے عبدالعزیز عابد سے امیر غربی لاہور کا حلف لیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی لاہور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر خوشحال پاکستان دستک مہم کا آغاز بھرپور انداز میں کریگی۔زونل نظم، یوسی نظم و ذمہ داران ماہ صیام میں دستک مہم کے ذریعے گھر گھر جا کر قرآن عظیم کا پیغام پہنچائیں گے۔ جماعت اسلامی کا ہر ذمہ دار اور ورکر ”دستک مہم برائے خوشحال پنجاب و خوشحال پاکستان کا پیغام ہر گلی، محلے، گھر اور فرد تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی،سودی لعنت اورکرپٹ قیادت سے نجات کے بغیرملک و قوم ترقی نہیں کرسکتے۔







