سٹی

اوور چارجنگ کی شکایات پر ایکشن،وزیر بلدیات نے تین سپروائزرز معطل،چار پارکنگ اہلکار برطرف کردیئے،

وزیر بلدیات کی طرف سے سی ای او پارکنگ کمپنی کی سرزنش، جعلی پارکنگ ٹکٹس دینے والوں کو سخت سزائیں دینے کا اعلان ،پارکنگ فیس سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے۔ وزیر بلدیات

لاہور(خبر نگار) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد کا لاہور میں پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ اور جعلی پارکنگ ٹکٹس جاری کرنے کی شکایات پر سخت ایکشن ، تین سپروائزرز معطل،چار پارکنگ اہلکار برطرف کر دیئے- بد انتظامی اور عوامی شکایات پر چیف ایگزیکٹو افسر لاہور پارکنگ کمپنی کی سرزنش ،پارکنگ فیس کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا اعلان کر دیا۔

ابراہیم مراد نے شہر کے مختلف علاقوں گلبرگ ، مال روڈ، ہال روڈ اور دیگر مقامات پر قائم پارکنگ سٹینڈز کا معائنہ کیااور شہریوں کی شکایات پر تین پارکنگ سپروائزرز معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا اور اس مقصد کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی- وزیر بلدیات نے پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ کی شکایات پر چار پارکنگ اٹینڈنٹس بھی برطرف کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا-

وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے جعلی پارکنگ ٹکٹس کی روک تھام کے لئے پارکنگ ٹکٹس کا ڈیزائن تبدیل کروا دیا اور ہدایت کی ہے کہ صرف نئے اور تبدیل شدہ ڈیزائن کے پارکنگ ٹکٹس ہی استعمال کئے جائیں۔ نئے پارکنگ ٹکٹس کے کیو آر کوڈ سے پارکنگ فیس کا ریٹ معلوم کیا جا سکتا ہے۔

وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے جعلی پارکنگ ٹکٹس استعمال کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ پارکنگ فیس حکومت کے مقرر کردہ ریٹ کے مطابق وصول کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پارکنگ فیس کو سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button