سٹی

 ڈینگی کی مانیٹرنگ، رپورٹنگ اور سرویلنس کا نظام بہتر بنا یا جائے:کابینہ کمیٹی

 ڈپٹی کمشنرز کو تعمیراتی کامو ں کی سائٹس پر فضائی آلودگی سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات کرنے سے متعلق ہدایات جاری

ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث چلنے پھرنے سے معذور افراد کی بحالی کیلئے پانچ شہروں میں پیراپلیجک سینٹر ز قائم کرنے کا فیصلہ . انسداد ڈینگی کے سلسلے میں محکموں کو از سر نو ذمہ داریاں تفویض، گائیڈ لائینزپر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

لاہور(خبر نگار)
 کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ میں پیر کے روز منعقد ہوا جس میں ڈینگی کی مانیٹرنگ، رپورٹنگ اور سرویلنس کا نظام بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جمال ناصر، ڈاکٹر جاوید اکرم،اظفر علی، منصور قادر، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکموں کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث چلنے پھرنے سے معذور افراد کی بحالی کیلئے پانچ شہروں میں پیراپلیجک سینٹر زکے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
 ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے روائتی طریقہ کار کی بجائے موثر نظام وضع کیا جائے اورانسداد ڈینگی سرگرمیوں کیلئے ہسپتالوں کے موجودہ وسائل کو استعمال میں لایا جائے۔  انہوں نے ہدایت کی کہ پارکوں اور کھلی جگہوں پر ڈینگی لارو ا کی تلفی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
 ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے سائنسی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، کمیونٹی موبلائزیشن کے ذریعے لوگوں میں متعلق آگاہی کو بڑھایا جائے۔
 

انسداد ڈینگی کے سلسلے میں محکموں کو از سر نو ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ ڈینگی کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں ڈینگی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو سموگ کی روک تھام سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کامو ں کی سائٹس پر فضائی آلودگی سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف زگ زیگ ٹیکنا لوجی کے حامل بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائیگی۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ڈینگی کے 60کنفرم کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیرا پلیجک سینٹرز لاہور،ملتان، واہ کینٹ، تونسہ اور فیصل آباد میں قائم کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button