جرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب کی یوم حضرت علی ؑ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے پر پولیس فورس کو شاباش

ایک ہزار سے زائد جلوسوں اورمجالس کے سکیورٹی فرائض 30ہزار فورس نے 30گھنٹوں تک لگاتار سر انجام دئیے۔آئی جی پنجاب

پاک نیوز ی لینڈ کرکٹ سیریز کیلئے کھلاڑیوں اور شائقین کی سکیورٹی کیلئے بھرپورانتظامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجابمذہبی مقامات، عید بازاروں، مارکیٹوں اور بینکوں کے گردو نواح اضافی ٹیموں کو سکیورٹی اور پٹرولنگ کیلئے تعینات کیا جائے۔ڈاکٹر عثمان انور

لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یومِ شہادت حضرت علی ؑ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے پر پولیس فورس کو شاباش دیتے ہوئے شکریہ اداکیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام اضلاع میں نکالے گئے ایک ہزار سے زائدجلوسوں اورمجالس کے سکیورٹی فرائض 30ہزار سے زائد افسران واہلکاروں نے 30گھنٹوں تک لگاتار سر انجام دئیے اور امن وامان کی فضا برقرا ررکھتے ہوئے سماج دشمن و شرپسند عناصر کے عزائم کو خاک میں ملادیا۔ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ پولیس ٹیموں نے بھرپور محنت اور جذبہ خدمت کے تحت بہترین فرائض سر انجام دے کر ثابت کیا کہ پنجاب پولیس ہر چیلنج سے نبرد آزما ہونے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فرض شناسی اور خدمت خلق کے اسی جذبے سے پاک نیوز ی لینڈ کرکٹ سیریز کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور پی ایس ایل کی طرز پر کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات پاکستان کے عالمی تشخص اور معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ رمضان کے آخری عشرے میں صوبے کی 64ہزار مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جائیں، بالخصوص نماز تراویح، فجر اور جمعہ کے روز بطور خاص الرٹ ہوکر ڈیوٹی سرانجام دیں اور پٹرولنگ ٹیموں میں اضافہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عید بازاروں، اہم مارکیٹوں اور بینکوں کی سکیورٹی پر اضافی ٹیموں کو سکیورٹی اور پٹرولنگ کیلئے تعینات کیا جائے۔ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ شاہرات، بازاروں اور حساس مقامات کے بھرپور سکیورٹی انتظامات سے شہریوں کو مکمل محفوظ ماحول فراہم کیاجائے اور جدید ٹیکنالوجی کے موثراستعمال اور بہترین ڈیوٹی سے امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیوں کیلئے پروموشن بورڈز کے اجلاس باقاعدگی سے جاری ہیں اور اسی سلسلے میں پروموشن بورڈ کی منظوری کے بعدآئی جی پنجاب نے 184 سب انسپکٹرز کی انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے فورس کے نام اپنے پیغام میں ترقی پانے والے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ جمعے سے پروموشن بورڈ کا اجلاس دوبارہ منعقد ہوگا اور اگلے ہفتے میں 506 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ 15 اپریل سے ریجنل سطح پر محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ شروع ہوگا جس میں 460 سے زیادہ سب انسپکٹرز، 500 سے زیادہ اے ایس آئیز اور 900 سے زیادہ ہیڈ کانسٹیبلزکے عہدوں پر ترقیاں دی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ 1000 سے زائد خالی ہونے والی کانسٹیبلز کی آسامیوں پر دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے گا اور باقی بچ جانے والے سیٹوں پر میرٹ کے مطابق قابل نوجوانوں کو بھرتی کرکے پولیس فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جن ملازمین کی ترقیاں اے سی آرز یا کسی دیگر دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی وہ فورا سنٹرل پولیس آفس رابطہ کریں۔آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ ان تمام ترقیوں کا مقصد کسی کا انفرادی فائدہ نہیں بلکہ پوری فورس کے مورال کو بلند کرنا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ان ترقیوں کے جواب میں محکمہ افسران و اہلکاروں سے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کا وعدہ چاہتا ہے، ترقی پانے والے تمام افسران نئے ولولے اور جوش کے ساتھ شہریوں کو انصاف کی بآسانی فراہمی کو یقینی بنائیں اور مظلوموں کو ظالموں سے بچانے اور شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب کانسٹیبلری میں زبردستی فوری طور پر بھیجنے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے لہذا افسران واہلکار تمام تر توجہ لوگوں کی خدمت، حفاظت اور انصاف کی فراہمی پر مرکوز رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فورس دل و جان سے شہریوں کی خدمت کرے، انکی ترقیوں و حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات میں کمی نہیں آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button