
لاہور(خبر نگار)
پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز اور عیدالفطر کی آمد جبکہ مساجد اور عبادت گاہوں میں رمضان المبارک کی عبادات کے پیشِ نظر سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پرشہر بھر میں جنرل ہولڈ اپ کو انعقاد کیا گیا۔شہر کے داخلی و خارجی ناکوں پر مشکوک اشخاص گاڑیوں کی چیکنگ بڑھا دی گئی تھی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ و امن دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے عبادت گاہوں، مارکیٹوں،نشتر سپورٹس کمپلیکس،کرائم ہاٹ سپاٹس اور حساس مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر ایس ایچ اوز، چوکی انچارج اور متعلقہ افسراں اپنے زیر تحت علاقوں میں ان ناکوں پر خود موجود تھے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے ایس پیز اور سپروائزری افسران کو جنرل ہولڈ اپ کے دوران ناکوں پر چیکنگ کے عمل کا خود جائزہ لینے اور نفری کو بریف کرنے کی ہدایت کی۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ناکہ بندی کا مقصد شہر کی سکیورٹی یقینی بنانا اور امن دشمن عناصر کی سرکوبی ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ناکوں پر تعینات پولیس افسران اور اہلکار مشکوک افراد، گاڑیوں اور سامان پر کڑی نظر رکھیں اور مشتبہ افراد کی چیکنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ناکوں پر تعینات اہلکار الرٹ رہیں اور سڑک کے دونوں اطراف کی آمدورفت پر نظر رکھیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق جنرل ہولڈ اپ کے ساتھ عبادت گاہوں، سٹیڈیم ،غیر ملکی قونصلیٹس اور حساس مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور تھانوں کی گاڑیاں امام بارگاہوں، مذہبی مقامات اور اہم مقامات کے اطراف موثر گشت جاری رکھیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق غازی روڈ، روہی نالہ، بیدیاں روڈ،برکی روڈ، باٹا پور،نشتر کالونی، رائیونڈ روڈ، ملتان روڈ، ائرپورٹ روڈ، والٹن روڈ، سوئی گیس سوسائٹی ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، کرول جنگل گجر پورہ ،کالج روڈ، باغباپورہ، داروغہ والا، نشاط کالونی،گریٹر اقبال پارک، مستی گیٹ، اولڈ انار کلی، داتا دربار، فورٹ روڈ ،یکی گیٹ، بھاٹی گیٹ سمیت شہر بھر میں ناکے لگائے گئے۔







