پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اقتدار کے حصول کی جنگ میں مصروف، عوام کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں
لاہور (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلائیں۔جب تک عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی نہیں بنا یا جاتااور معاشی عدم استحکام کا خاتمہ ممکن نہیں ہو جاتا اس وقت تک ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتے۔ حکمران سرکاری مراعات اور ہر قسم کا پروٹوکول کو ختم کریں۔دستک مہم کے ذریعے ہر گھر میں جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دستک مہم کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک و قوم کے لئے امید کی کرن، پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلام کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے۔جب تک قوم خود اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ نہیں کرے گی اس وقت تک چور،ڈاکو،لیٹرے اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے افراد ہی اقتدار میں آتے رہیں گے اور ملک و قوم کے ساتھ کھلواڑکرتے رہیں گے۔کرپشن سے پاک قیادت کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار اور سیاسی عدم استحکام سے نجات حاصل کرنے کے لئے مذاکرات کے ذریعے ایک وقت میں تمام انتخابات کا انعقاد کرنا ہو گا اور تناضر میں پی ٹی آئی اور پی ڈیم ایم کو قومی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے۔ سیاسی محاذا ٓرائی نے ایک مرتبہ پھر ملک و قوم کو نوے کی دھائی والی سیاست میں دھکیل دیا ہے۔ اداروں کے خلاف چڑھائی کی پالیسی جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ مگر پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کسی کو بھی کوئی فکر نہیں، سب اقتدار کے حصول کی خاطر محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔