سٹی

مردم شماری میں مکمل کوریج، ڈیٹا کا معیار یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری

 ادارہ شماریات نے کم گنتی والے 20ہزار بلاکس کی نشاندہی کی ہے،دوبارہ گنتی کا کام اگلے آٹھ روز میں مکمل کر لیا جائے۔ چیف سیکرٹری

لاہور(خبر نگار)
پنجاب حکومت نے مکمل کوریج اور ڈیٹا کا معیار یقینی بنانے کیلئے15مئی تک مکمل توجہ مردم شماری کے کام پر مرکوز کرنے سے متعلق تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔
یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سینسس کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔ اجلاس میں پروونشل سینسس کمشنر علی بہادر قاضی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
 چیف سیکرٹری  نے کہا کہ مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی کامیابی کا تمام تر انحصار درست ڈیٹا کے حصول پر ہے جس سے وسائل کی تقسیم  اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات نے کم گنتی والے 20ہزار بلاکس کی نشاندہی کی ہے، ان بلاکس میں گنتی کا کام اگلے آٹھ روز میں مکمل کر لیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ انڈر رپورٹنگ کرنے والے شمار کنندگان سے باز پرس کی جائے اورمردم شماری کے کام پر پیش رفت سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائے۔
ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ مکمل کوریج اورڈیٹا کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے مردم شماری کی تاریخ میں 15مئی تک توسیع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا میں فرق دور کرنے کیلئے ڈویژنل کمشنرز کو تمام مطلوبہ معلومات فراہم کی جائے گی۔ممبر سپورٹ سروسز ادارہ شماریات سرور گوندل نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مردم شماری مکمل تعاون فراہم کیا گیا جو کہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق شکایات کیلئے کال سینٹر 0800-57574قائم کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button