
سرکاری و نجی املاک، پولیس ٹیموں پر حملوں، پر تشدد کاروائیوں میں ملوث شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سرکاری و نجی املاک پر حملوں، پولیس گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسند عناصر کی گرفتاریوں کیلئے صوبے کے مختلف اضلاع میں پولیس کاروائیاں جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز، ویڈیو ریکارڈنگز سمیت دیگر شواہد کی بنا پر شرپسندانہ کارائیوں میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایاجارہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ،تشدد اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند وں کی تعداد 2250 سے تجاوز کر گئی ہے اور مزید شرپسندوں کی گرفتاری کیلئے آپریشنز جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں میں پنجاب بھر میں 150 سے زائد افسران واہلکار شدید زخمی ہوئے، جن میں لاہور میں 63،راولپنڈی 29، فیصل آباد 26،گوجرانوالہ کے 13،اٹک میں 10،سیالکوٹ میں 05 اور میانوالی میں 06پولیس افسران و اہلکار شامل ہیں۔ اسی طرح پنجاب پولیس کے زیر استعمال 72سے زائد جبکہ 08 نجی گاڑیوں کو توڑ پھوڑ کے بعد نذر آتش کیا گیا۔ لاہور میں 23،راولپنڈی 18،فیصل آباد 18، گوجرانولہ 03، سیالکوٹ 05، بھکر 02، ملتان 08،اٹک میں 01 گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سرکاری و نجی املاک، پولیس ٹیموں پر حملوں، پر تشدد کاروائیوں میں ملوث شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں اور تمام شرپسند عناصر کو ٹریس کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔







