وائس چانسلر یو ایچ ایس کی تعیناتی میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش، پی ایم اے
ڈرگز انسپکٹرکی پرائیویٹ کلینکس پرڈاکٹرز کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں

محکمہ صحت نے وائس چانسلر ز کی تعیناتیوں پر میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں ، مذمت کرتے ہیں پی ایم اے اجلاس
لاہور ( خبرنگار) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کی صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس آج پی ایم اے ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر کرنل ریٹائرڈ غلام شبیر نے کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر سے تمام ضلعی برانچوں کے صدور، جنرل سیکرٹری اور صوبائی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی باقاعدہ کاروائی کے علاوہ مندرجہ ذیل قراردادیں متفقہ طورپر منظور کی گئیں۔ پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس پر ڈاکٹرز کے نسخہ پر مریضوں کو ادویات کی فراہمی پر چیف ڈرگ کنٹرولر کے حالیہ احکامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور ڈرگ انسپکٹرز کی طرف سے پرائیویٹ کلینکس پر ڈاکٹروں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ان تمام احکامات کو فی الفور واپس لیا جائے۔ اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی شرمناک کارکردگی پر شدید تنقید کی گئی اور قرار دیا گیا کہ یہ ادارہ اپنی بدانتظامی کی وجہ سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین میں جسمانی، معاشی اور ذہنی اذیت کا باعث بن رہاہے اور مطالبہ کیا گیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو وعدہ کے مطابق فوری گھر فراہم کئے جائیں۔ وائس چانسلر، UHS کی تعیناتی میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور قرار دیا گیا کہ محکمہ صحت نے اس تعیناتی میں میرٹ کی دھجیاں بکھیردیں ہیں جس سے شعبہ طب میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے۔
اجلاس میں پی ایم اے پنجاب کی ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا گیا۔ اس ویب سائٹ پر عوام الناس کو بھی رسائی حاصل ہو گی۔





