صحت

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں عملے کی ترقیاں اور کنٹریکٹ پیشہ وارانہ تربیت سے مشروط

لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اپنے عملے کی ترقیاں اور کنٹریکٹ میں توسیع کو پیشہ وارانہ تربیت سے مشروط کردیا۔ اس مقصد کے پیش نظر بدھ کے روز تمام سٹاف اور فیکلٹی کیلئے دو ہفتے کے پروفیشنل ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔ پیشہ وارانہ تربیت کا پروگرام یکم سے 21مارچ تک جاری رہے گا جس میں گریڈ 10 سے 20 تک کے تمام عملے کی شرکت لازمی ہوگی۔ پروفیشنل ٹریننگ میں عملے کی کارکردگی کو سٹاف کی اے سی آرز کا حصہ بنایا جائے گا۔ مزید برآں ان کورسز کو مکمل کیے بغیر کوئی سٹاف رکن اپنے شعبے کا انتظامی سربراہ نہیں لگ سکے گا۔ ان کورسز کو پڑھانے کیلئے حکومت کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری آفیسرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ تربیتی پروگرام میں فائلنگ سسٹم، نوٹنگ ڈرافٹنگ، ریکارڈ کیپنگ، کنڈکٹ رولز، آفس مینجمنٹ، لاگ بک، سٹاک رجسٹر، بجٹ کی تیاری جیسے کورسز شامل ہیں۔ اس حوالے سے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد عملے کی استعداد کار میں اضافہ کرنا اور انھیں متعلقہ قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تربیتی کورسز کو سروس رولز کا حصہ بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button