پاکستانسٹیصحت

ماحولیاتی حسن میں اضافہ اور موسم میں توازن کیلئے شجر کاری نا گزیر :پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال میں مون سون شجر کاری مہم کا آغاز،سینئر پروفیسرز نے اپنے اپنے ناموں کے پودے لگائے

لاہور(خبرنگار) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی حسن میں اضافے اور موسموں میں توازن کیلئے شجر کاری نا گزیر ہے لہذا ہر پاکستانی کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے حصے کا پودا لگا کر اُس کی دیکھ بھال اور نشوونما میں اپنا کردار اداکرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری بالخصوص نوجوان مادر وطن کو سر سبز و شاداب رکھنے اور فطرتی حسن کو دوبالا کرنے کیلئے اپنی سالگرہ کے موقع پر پودا لگانا نہ بھولیں ، ان کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ماحول دوست معاشرہ تشکیل دینے کیلئے اپنے اطراف میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں اور ان کی آبیاری کرتے ہوئے انہیں پروان چڑھائیں ۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں مون سون قومی شجر کاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ملک کے نامور گائنا کالوجسٹ پروفیسر راشد لطیف اور پی جی ایم آئی کے سابق پرنسپلز پروفیسر فرخ زمان ، پروفیسر طارق صلاح الدین ،پروفیسر محمد نذیر ، پروفیسر غیا ث النبی طیب ، پروفیسر خالد محمود کے علاوہ پروفیسر فرید احمد خان،پروفیسر ندرت سہیل،پروفیسر فرح شفیع،پروفیسر فائقہ سلیم، پروفیسر محمد الیاس ،پروفیسر ارغمان اسرار مرزا، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق ،ڈاکٹر عبدالعزیز ،ڈاکٹر فریادحسین ،ڈاکٹر شبنم محمد علی ، ڈاکٹر سائرہ فیاض ، ڈاکٹر نادیہ ارشد کے علاوہ لاہور کے مختلف میڈیکل کالجز /ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے پروفیسر صاحبان ، ڈاکٹرز اور کثیر تعداد میں میڈیکل سٹوڈنٹس نے شرکت کی ۔ تقریب کے شرکاء نے لاہور جنرل ہسپتال کے سبزہ زار میں اپنے اپنے ناموں کے پودے لگائے اور عہد کیا کہ وہ اس کی نگہداشت میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
پروفیسر الفرید ظفر و دیگر میڈیکل ٹیچرز نے اپنی اپنی گفتگو میںکہا کہ پاکستان کو سر سبز بنانے، ماحولیاتی آلودگی سے بچانے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی روک تھام اور موسمیا تی تبدیلیوں کے چلنج سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درختوں کا ہونا ضروری ہے جس کے لئے عوام الناس کا قومی سطح پر شجر کاری مہم میں حصہ لینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کرہ ارض پردرخت ہی انسانی حیات کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کی بقاء کے ضامن ہیںنیز درخت اور جنگلات بڑھتی ہوئی ٹریفک ، موسمی تغیرات اور تابکاری کے اثرات سے بچنے کیلئے انسان کیلئے سب سے بہترین حفاظتی دیوار ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر نگرانی صوبے میں جاری گرین اور صاف ستھرا پنجاب کے ہدف کا حصول شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے کر ہی حاصل ہو سکتا ہے لہذا آج کی شجر کاری آنے والی نسلوں کیلئے آکسیجن سے بھرپور صحت مند ماحول کا ضامن ہو سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کی بہتری اور بقاء کے لئے آلودگی سے پاک صحت فراہم کرنا چاہیے جس کے لئے درخت لگانا اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر وفیسر الفرید ظفر سمیت دیگر سینئر پروفیسرز و ڈاکٹرز اور طلبہ نے ملکی سلامتی ، خوشحالی اور شادابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button