پولیس افسران کی رات گئے میٹنگز،شہر بھر کے لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ
لاہور(خبر نگار) صوبائی دارلحکومت کو جرائم سے پاک کرنے اور امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران کی رات گئے مختلف ڈویژنز کے ایس ڈی پی اوز کے ساتھ اجلاس منعقد ہوئے۔مختلف ڈویژنزمیں ہونے والے اجلاسوں میں شہر بھر کے لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز سیدعلی ناصر رضوی نے سٹی اورسول لائنز ڈویژنز کے ایس ڈی پی اوز کے ساتھ میٹنگز کیں جبکہ ایس ایس پی آپریشنزمحمد صہیب اشرف نے کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز اور ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب نے صدر اور اقبال ٹاون ڈویژنز کے ایس ڈی پی اوز کے ساتھ میٹنگز کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شاپ اینڈ سکیورٹی ایکٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز مارکیٹوں کے عہدیداروں سے ملاقات کریں۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ غیر ملکی باشندوں کی رہائش گاہوں کا سکیورٹی آڈٹ کروایا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ بنک ہائے کے اطراف پٹرولنگ بڑھائی جائے۔انہو ں نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کے سدباب کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ اشتہاری وعادی مجرمان کے خلاف جاری مہم میں مزید تیزی لائی جائے۔