لاہور سمیت پورے ملک میں نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دیں گے
پہلے مرحلے میں 10ہزار نوجوان مرد و خواتین کو فری لانسنگ کورسز کرائیں گے
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور میں بنوقابل آئی ٹی کی خصوصی تقریب سے امیر العظیم،جاوید قصوری، ضیا الدین انصاری،وقاص احمد بٹ، سمعیہ راحیل قاضی، ثمینہ سید، انجینئر احمد سلمان، احمد حماد ودیگر مقررنین کا خطاب
لاہور (خبر نگار)ہزاروں خواتین اور طالبات کو آئی ٹی کی مفت تعلیم کے ذریعے خود انحصار بنانے کے لئے جما عت ِ اسلامی کے بنوقابل پراجیکٹ کی خصوصی تعارفی تقریب واپڈا ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ تقریب سے امیرالعظیم، محمد جاوید قصوری،وقاص احمد بٹ، ضیا الدین انصاری، سمعیہ راحیل قاضی، ثمینہ سید،احمد حماد اور انجینئر احمد سلمان نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر خالد بٹ،انس واحدی، احسان ا اللہ وقاص،سیکرٹری اطلاعات پنجاب محمد فاروق چوہان، فرحان شوکت ا، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق، سلمان ایوب و دیگر بھی شریک ہوئے۔ جماعت اسلامی کے آئی ٹی کے ذریعے خواتین کو باروزگار بنانے کے حوالے سے پہلے مرحلہ میں 1100 سے زائد بچیوں کو آئی ٹی اور ای کامرس کے آن لائن کورسز مفت کروائے جائیں گے – کورسز کے بعد لیڈز یونیورسٹی لاہور کی زیرنگرانی ٹیسٹ لئے جائیں گے اور کامیاب طلبہ کو سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے – تقریب سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے بعد لاہور میں بھی بنوقابل پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، اس پروگرام میں نوجوانوں، خواتین اور طالبات کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی تاکہ انہیں دور حاضر کے تقاضوں سے روشناس کروایا جا سکے اور وہ آٹی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔اس پروگرام کے تحت بے روزگارنوجوانوں کی آئی ٹی کے ذریعے ٹریننگ اور ہنرمندی کے ذریعے بے روزگاری ختم کرنے کا جامع پلان تیار کیا ہے، اس پلان کو لاہور سمیت پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی صلاحیتوں کو نکھار قومی دھارے میں لائیں گے،مفاد پرستانہ پالیسیوں نے ریاست کو کمزور کیا ہے، نوجوان پریشان ہیں ترقی کے مواقع ناپید ہو چکے ہیں،بنو قابل جماعت اسلامی کا ایک انقلابی پروگرام ہے۔ جس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر آگے لانا ہے۔نوجوان سیاسی ماحول سے مایوس ہوچکے ہیں۔ ماضی کے مختلف ادوار میں نوجوانوں کے ساتھ کھیلواڑ کیا گیا۔ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے جماعت اسلامی نوجوانوں کی اخلاقی و فنی تربیت کا اہتمام کرئے گی۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ دنیا اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی طرف جا رہی ہے۔کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت سے موجودہ دور میں کسی کو بھی انکار نہیں ہے۔ شعبہ ہائے حیات کا کوئی گوشہ ایسا نہیں ہے جہاں آج کمپیوٹر کی ضرورت یا اس کا استعمال نہ ہوتا ہو۔ پاکستان میں صرف ڈگری یافتہ لوگوں کی تعداد بڑھانے کی بجائے ہنرمند افراد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اسی صورت میں ہی مہارت کے خلا کو پُر کیا جا سکتا ہے۔پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ آئی ٹی گریجویٹس کی ضرورت ہے لیکن تعلیمی اداروں سے صرف 25 ہزار لوگ ہی نکل رہے ہیں۔ جن میں سے تقریباً پانچ ہزار کو اچھی سافٹ ویئر یا ٹیک کمپنی میں نوکری ملتی ہے، جب کہ زیادہ تر لوگ اس ڈگری سے پہلے حاصل کی گئی اپنی غیر متعلقہ تعلیم کی وجہ سے رہ جاتے ہیں۔اس وقت ملک میں تین ہزار سے زائد کمپنیاں لارج، میڈیم اور سمال سطح پر اس شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ بدقسمتی سے آج ہمارے پڑھے لکھے نوجوانوں کے پاس روز گار نہیں ہے۔ نوجوان ملازمتوں کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ ہماری آئی ٹی انڈسٹری بھارت سے بہت پیچھے ہے پاکستان میں حکومتی سطح پر آئی ٹی کے لیے کوئی کام نہیں کیا جا رہا۔ ہم کسی عوامی عہدے کے بغیر اتنا کام کر رہے ہیں تو حکومت میں موجود لوگ کیوں نہیں کر سکتے۔جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیروقاص بٹ نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔نوجوان فری لانسنگ کورس سیکھ کر نہ صرف باعزت روزگار کما سکیں گے۔اپنے اہل خانہ کی خوشحالی اس شہراور ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکیں گے۔غربت اوربے روزگاری ملک سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ روز بروز بڑھتی مہنگائی کے باعث بڑھے لکھے ذہین نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کے لئے ممکن نہیں رہا کہ وہ اپنے بچوں کو مہنگے پروفیشنل کورسز کرواسکیں۔ الخدمت بنو قابل پروگرام ایسے ہزاروں نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری نے کہا کہ بنو قابل پروجیکٹ کے تحت مختلف کورسز کرنے والے نوجوان اپنا روزگار خود پیدا کرنے کے قابل بن جائیں گے۔طلبہ کو ایمزون،ویب ڈیولپمنٹ، فری لانسک ویب ڈیزائننگ سمیت مختلف کورسزکرائے جائیں گے۔ یہ کورسز میٹرک، انٹر پاس بے روز گار نوجوانوں کو کروائے جائیں گے جو تین سے چھ ماہ دورانیے کے ہوں گے،کورسز کے ساتھ الخدمت ان کورسزکرنے والے نوجوانوں کے لیے انڈسٹری میں ملازمتوں کے مواقع بھی تلاش کرے گی۔سمعیہ راحیل قاضی نے کہا کہ روزگار کی فراہمی حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی خواتین کی رہنما طالبات اور خواتین کی تربیت ہر لحاظ سے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ہم خواتین اور طالبات کو کمپیوٹر کی تربیت دے کر آگے بڑھائیں گے۔ کراچی کی طرح لاہور کو آئی ٹی سٹی بنا ئیں گے۔ ثمینہ سید نے کہا کہ جماعت اسلامی اس پروگرام کی مکمل سر پرستی کرے گی۔ خواتین اور طالبات ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔الحمد اللہ آج کی نوجوان نسل با شعور ہے۔ پاکستانی بچیاں اپنے اندر بے پناہ صلاحیتیں رکھتی ہیں،ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے جماعت اسلامی نے جو بیڑا اٹھایا ہے اس کی تکمیل تک ہم جد و جہد کو جاری رکھیں گے۔تقریب سے احمد حماد، انجینئر احمد سلمان، انس واحدی دیگر مقررنین نے بھی خطاب کیا۔