آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر اقدامات میں مزید تیزی
ڈاکٹر عثمان انور نے 18 اہلکاروں کو مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے 01 کروڑ 11 لاکھ 86 ہزار سے زائد رقم جاری کردئیے۔

ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر پنجاب ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی نے کیسز فنڈز اجرا کیلئے آئی جی پنجاب کو بھجوائے تھے۔
لاہور (خبرنگار ، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر اقدامات میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے 18 اہلکاروں کو مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے 01 کروڑ 11 لاکھ 86 ہزار سے زائد رقم جاری کردئیے۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک وارڈن محسن جاوید کو بیٹے کے کوکلئیر امپلانٹ کیلئے 18 لاکھ 30 ہزار روپے دئیے گئے۔ کانسٹیبل عامر شہزاد کو جگر کے کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے۔ کانسٹیبل ڈرائیور مختار احمد کو بیٹے کے گردوں کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے۔ ٹریفک وارڈن منیر افضل کو اہلیہ کے بریسٹ کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے۔ قصور کے ریٹائرڈ کانسٹیبل عظمت عباس کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے۔ بہاولپور کے انسپکٹر محمد افضل مرحوم کی اہلیہ کو کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے۔ سپیشل برانچ کے اے ایس آئی محبوب اسلم کو بیٹی کے علاج کیلئے 07 لاکھ روپے دئیے گئے۔ کانسٹیبل غلام عباس کلاسی کے اہلیہ کو گردوں کے علاج کے اخراجات کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے۔ باقی رقم مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی درخواستوں پر افسران و اہلکاروں کو دی گئی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ویلفیئر برانچ صوبہ بھر سے موصول درخواستوں پر بلا تاخیر کاروائی کو یقینی بنائے اور ہیلتھ ویلفیئر کے اقدامات کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر متاثرہ ملازمین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر پنجاب ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی نے کیسز فنڈز اجرا کیلئے آئی جی پنجاب کو بھجوائے تھے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ اور اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل نے بھی شرکت کی۔






