لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں جشن آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے فیکلٹی کے ہمراہ 76ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا
لاہور (خبرنگار)لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں ڈینز ڈائریکٹرز، رجسٹرار پرنسپل، فیکلٹی، سٹاف اور طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، وہ عہد جو ہمارے بڑوں نے کیا ہم سب نے مل کر پاکستان کو حقیقی معنوں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے اپنی انفرادی طور پر خود احتسابی کرنی ہے کہ ہم بحیثیت استاد اس قوم کے مستقبل کے لیے صحیح طور پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں کہ نہیں۔ پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا آیا ہم نے بھی پاکستان کو کچھ دیا ہے کہ نہیں۔ ڈاکٹر شگفتہ ناز نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکرگزار ہیں کہ ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت عطا ہوئی،
لیکن ہمیں اپنے آپ سے آج یہ سوال ضرور کرنا چاہیے کہ کیا ہم نے وہ اغراض و مقاصد حاصل کر لئے ہیں، جن کے حصول کے لئے ہم نے یہ وطن حاصل کیا تھا۔ اس موقع پر طالبات نے ملی نغمے گا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے فیکلٹی کے ہمراہ 76ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا اور لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی ایلومینائی کو انکی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ بھی دیئے۔ آخر میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔