اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ قوت) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کرانے ہیں اس کے علاوہ کوئی چوائس نہیں، الیکشن میں تاخیر ہوئی تو سپریم کورٹ میں چیلنج ہوگا‘ الیکشن کمیشن کی مدد حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کو پیسے دینا پڑیں گے بیشک قرض لے کر دیں اور اگر گورنر انتخابات کی تاریخ نہ دیں تو الیکشن کمیشن خود تاریخ دے سکتا ہے، اس حوالے سے آئین واضح ہے تاہم آئین میں غیرمعمولی حالات میں انتخابات ملتوی کرنے کی گنجائش ہے۔مسلم لیگ ن لیگ کے لیے الیکشن میں جانا آسان نہیں، عمران خان کا بوجھ قبول کیا اور اب الیکشن میں اس کا سامنا کرنا پڑے گا، عوام کے پاس بیانیہ لے کر جائیں گے کہ مشکل فیصلے کیوں کیے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز جب سے پاکستان آئیں ہیں ان سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن مسلم لیگ ن سے کوئی دوری نہیں بڑھی جبکہ نواز شریف اور پارٹی سے رابطہ آج بھی قائم ہے، مریم نواز کو فری ہینڈ دینے کے لیے ہی عہدے سے پیچھے ہٹا اور میری لیڈر مریم نواز نہیں بلکہ نواز شریف ہیں تاہم مریم نواز پارٹی صدر بنیں تو فیصلہ کروں گا کہ سیاست کرنی ہے یا نہیں، چوہدری نثار سے 2018ء کے بعد کوئی رابطہ نہیں ہے، انہیں پارٹی سے کچھ شکایات ہیں لیکن مجھے کوئی شکایت نہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ سینئر پارٹی رہنماؤں کو تنقید عوام میں نہیں بلکہ پارٹی میں کرنی چاہیے اور اختلافِ رائے اختلاف میں بدل جانے سے بدمزگی پیدا ہو جاتی ہے
Related Articles
Check Also
Close