ملتان: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جس میں معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آپ کو پتہ ہونا چاہیئے یہ پی ایس ایل کا سفر کہاں سے شروع ہوا،آج ملتان میں افتتاحی تقریب ہو رہی ہے۔ یہ دبئی میں سفر شروع ہوا تھا، پھر لاہور، پھر کراچی اور پھر ملتان۔ انشاء اللہ اگلے سال پشاور اور کوئٹہ جائیں گے۔
انہوں نے کہا پی ایس ایل نے پاکستان کو بہت اثاثے دیے ہیں۔ یہ ایک ایسا بین الاقوامی برانڈ بنا ہے جس کے بارے میں ہم فخر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ’لاہور والے میرے دل میں ہیں، ملتان والے ذہن میں ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ میرا دل جیتے گا یا ذہن جیتے گا۔‘
تقریب میں موسیقار و گلوکار ساحرعلی بگا، آئمہ بیگ، عاصم اظہر اور شائے گل نے اپنی آوازوں کا جادو جاگایا۔
تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔