برطانیہ کی ملکہ کمیلا پارکر ایک سال میں دوسری بار کورونا میں مبتلا
لندن: برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کی اہلیہ کوئن کنسورٹ کمیلا پارکر کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں جس پر انھوں نے خود کو اہل خانہ سے الگ کرکے گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوئن کنسورٹ کمیلا پارکر کا معمولی علامات ظاہر ہونے پر کورونا کا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے جس پر ان کے عالمی دورے منسوخ اور تمام مصروفیات معطل کردی گئیں۔
بکنگھم پیلس کے مطابق 75 سالہ کوئن کنسورٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انھوں نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔ ماہر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ کوئن کنسورٹ ایک سال قبل فروری کے ماہ ہی کورونا کا شکار ہوگئی تھیں اور اس دوران بھی ٹیسٹ منفی آنے تک خود کو قرنطینہ میں رکھا تھا۔ شاہ برطانیہ اور ان کی اہلیہ نے شہریوں سے کورونا کی ویکسین لگوانے کی اپیل کی ہے۔
برطانیہ کے ادارۂ شماریات کے جنوری کے آخری ہفتے میں کرائے گئے سروے کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 10 لاکھ افراد کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہوئے تھے یعنی ہر 65 میں سے ایک شہری اس وائرس سے متاثر ہوا تھا۔
برطانیہ میں ایک تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کوئن کنسورٹ کیملا پارکر کی عمر کے (75 سے 79 سال کے درمیان کے تقریباً 96% افراد نے ویکسین لگوائی ہے جن میں سے 78 فیصد نے حال ہی میں 3 سے 6 ماہ قبل ویکسینیشن کرائی تھی۔