
صوبائی دارلحکومت میں جرائم پیشہ عناصرو بدمعاشوں کی کوئی جگہ نہیں ہے. ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی
لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر)
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کی محافظ ہے۔ صوبائی دارلحکومت میں جرائم پیشہ عناصرو بدمعاشوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔تمام افسران و جوان کرائم فائٹنگ اور خدمت خلق کواپنا شعاربنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز کو فیلڈ افسران کی کارکردگی ماپنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔قابل، محنتی اور فرض شناس افسران ہی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران کرائم پراپرٹی کے سدباب کیلئے ای پولیس پوسٹ کے ذریعے چیکنگ یقینی بنائیں۔ڈولفن سکواڈ، پیرو، محافظ اور تھانوں کی گاڑیاں ہاٹ سپاٹ ایریاز میں موثر گشت کریں۔روزانہ کی بنیاد پرریکارڈیافتگان، عادی و اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ تھانوں میں پینڈنگ درخواستوں اور ملزمان کی غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اور محررایس او پیز کے تحت تھانوں کا ریکارڈ مکمل رکھیں۔ دادرسی کیلئے تھانوں کا رخ کرنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ شہریوں کے ساتھ بد اخلاقی سے پیش آنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کاررائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تھانوں اوردفاتر کی صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی کو سختی سے روکا جائے۔ ایس ایچ اوز مصروف شاہراؤں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بالا تفریق کارروائی عمل میں لائیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو کرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ شہر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بھی قابو میں رکھنے کا حکم دیا۔







