سٹیصحت

ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے وفد کی پرنسپل پی جی ایم آئی سے ملاقات

صوبائی نائب صدر خالدہ تبسم کی پروفیسر الفرید ظفر کو گریڈ21میں ترقی ملنے پر مبارکباد، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا

ترقی حاصل کرنے کیلئے مسلسل محنت اور تعلیم کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے:پروفیسر الفرید ظفر
لاہور(خبر نگار)صوبائی ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے وفد نے نائب صدر خالدہ تبسم کی سربراہی میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرسے ملاقات کی اورانہیں گریڈ21میں ترقی ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کے لئے اپنی اور دیگر ساتھیوں کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈائریکٹر پی جی آر ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈاکٹر نادیہ ارشد، ڈاکٹر عبدالعزیز، نرسنگ سپروائزر انورسلطانہ سمیت وائی این اے ایل جی ایچ کی عہدیداران بھی موجود تھیں۔
پروفیسرالفرید ظفر نے وفد کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عہدے پر رہتے ہوئے مزید ترقی کیلئے مسلسل محنت اور تعلیم کا سلسلہ جاری رہناچاہیے تاکہ ہم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکیں۔ ان کاکہنا تھا کہ میڈیکل کا شعبہ دور حاضر میں انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف سے لے کر ڈاکٹر تک ہم سب اس نظام کا حصہ ہیں جسے مزید بہتر سے بہتر بنانا ہم سب کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت اپنے وسائل کے مطابق پنجاب کے محکمہ صحت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے کوشا ں رہتی ہے اور اس میں ہمیں اپنا انفرادی حصہ ضرور ڈالنا چاہیے۔پروفیسر الفرید ظفر نے نرسنگ ایسوسی ایشن کی طرف سے تہنیتی ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ ہسپتالوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مخلوق خدا کی خدمت کر کے ہماری خواتین ورکرز بلا شبہ اپنی دنیا و آخرت سنواررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ مریض اور اُن کے تیماردار ہماری نرسنگ کمیونٹی پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں لہذا انہیں مریضوں کی دیکھ بھال کے علاوہ ان کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنا چاہیئے جو کہ مریض کی صحت یابی میں ممدومعاون ثابت ہوتی ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے نرسنگ کمیونٹی کو بھی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اُن کی کامیابی کے لئے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button