لاہور (خبر نگار)نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ انڈسٹری کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے حکومت نے صنعتوں کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے یہ بات گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت اوکاڑہ کے دورہ کے موقع پر صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اوکاڑہ چوہدری نوید، سابق صدر خلیل الرحمٰن، صنعت کار اور سرکاری افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور صنعت کاروں نے انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اوکاڑہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام اور چیمبر کے دفتر کیلئے سرکاری اراضی کی فراہمی کا مطالبہ کیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے صنعتکاروں کے جائز مسائل کی ترجیح بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانے کے لئے پرعزم ہے۔