سٹی

لیسکو کے دوران ملازمت وفات پانے والے25 ملاز مین کے بچوں /بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

لاہور (خبر نگار)
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اپنے ملازمین کی خدمات کو فراموش نہیں کرتی اور اپنے کارکنوں اور محنت کشوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو لیسکو چوہدری محمد امین نے لیسکو ہیڈ آفس میں دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں /بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے تجربہ کار ملازمین کا کوئی نعم البدل نہیں تا ہم ان کی کمپنی کے لئے دی گئی خدمات کے اعتراف میں ہم ان کے بچوں /ورثاء کو بناء کسی مقابلے کے بھرتی کرتے ہیں۔ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں دوران ڈیوٹی وفات پانے والے لیسکو ملازمین کے بچوں /بیواؤں میں مختلف کیڈرز کی بھرتی کیلئے کے تقررناموں کی تقسیم کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو لیسکو نے مجموعی طور پر 25 ملازمین کے بچوں /بیواؤں میں ملازمت کے تقرر نامے تقسیم کئے۔اس موقع پرایچ آر ڈائریکٹر، سیکرٹری ہائیڈرو یونین اور دیگر یونین رہنمابھی موجود تھے۔ دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں /بیواؤں میں کمرشل اسسٹنٹ، ایس ایس او 2،ایل ڈی سی،یو ڈی سی، اسسٹنٹ لائن مین اور نائب قاصد کیڈر کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔ سیکرٹری ہائیڈرو یونین نے اپنے خطا ب میں بھرتی ہونے پر تمام افراد کو مبارک باد دی ا ور کہا کہ یہ لیسکو کی ایک اچھی روایت ہے اور باقاعدگی کے ساتھ اس تقریب کا کامیابی سے انعقاد کرنے پر ایچ آر ڈیپارٹمنٹ مبارکباد کا مستحق ہے۔اس موقع پر لیسکو ورکرز ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکریٹری نے دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے ورثاء کو لیسکومیں بھرتی کرنے پر چیف ایگزیکٹولیسکو چوہدری محمدامین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ یہ لوگ کمپنی میں محنت اور لگن سے کام کریں گے اورکمپنی کا نام روشن کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button