سٹی

محراب و منبر سے بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دینا ہوگا، اظفر علی ناصر

پاکستانی قوم ہر مشکل وقت سے سرخرو ہو کے نکلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، وزیر اوقاف پنجاب

نگران وزیر کی دربار میاں میر پر حاضری، چادر پوشی کی، سیکرٹری اوقاف بھی موجود

لاہور(سپیشل رپورٹر)نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور، زکوۃ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے دربار حضرت میاں میر پر حاضری دی۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری بھی موجود تھے۔ وزیر اوقاف نے مزار میاں میر کی چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مزار کے مختلف حصوں کا دورہ کر کے زائرین کے لئے محکمہ اوقاف کے زیرانتظام سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر کو دربار حضرت میاں میر پر تزئین و آرائش کی سکیم پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت میاں میر جیسی عظیم روحانی شخصیت کا معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کا مشن آگے بڑھانا ہوگا۔ ملک کو اس وقت ملی یکجہتی اور اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔ محراب و منبر سے بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور شام کے متاثرین زلزلہ کی امداد کے لئے پوری پاکستانی قوم ایک ہے۔ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے اپیل کی کہ قوم بڑھ چڑھ کر اپنے مصیبت زدہ ترک بھائیوں کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت سے سرخرو ہو کے نکلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پنجاب حکومت رمضان المبارک میں عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button