لاہور چیمبر کے اے ڈی آر سی نے بین الاقوامی تجارتی تنازعہ کامیابی سے حل کرلیا

لاہور( خبر نگار) 140,000ڈالرز کا ایک بین الاقوامی تجارتی تنازعہ لاہور چیمبر کے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن سینٹر نے کامیابی سے حل کرلیا ہے۔ اے ڈی آر سی کی ٹیم لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شیخ محمد ابراہیم، وسیم یوسف، ریاض الحسن اور قانونی مشیر شیخ خرم عباس پر مشتمل ہے جس نے ایک ماہ کے دوران دوسری بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کاروباری تنازعات کے عدالت سے باہر تصفیہ کے لیے اے ڈی آر سی قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی آر سی کو ایک تجربہ کار ثالث کی خدمات حاصل ہیں اور آنے والے دنوں میں یہ مزید فعال کردار ادا کرے گا اور تنازعات کو ابتدائی مراحل میں طے کرنے میں مدد دے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر نہ صرف حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان اعتماد سازی کے لیے اپنی بہترین کوششیں کر رہا ہے بلکہ ملک کی معاشی بحالی کے لیے بھی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی آر سی کے قیام کا مقصد مقامی و غیرملکی کمپنیوں کے کاروباری و تجارتی تنازعات کو عدالت سے باہر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ کاروباری ماحول میں بہتری آئے گی بلکہ قانونی نظام پر بھی بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے تنازعات کے حل پر اے ڈی آر سی کے ٹیم ممبرز کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرتا رہے گا۔







