پاکستانسٹی

تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

تاجروں کی شکایات پر ایکشن ہوگا، کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اوقاف سید اظفر علی
سکیورٹی، صفائی، تجاوزات سمیت تاجروں کے مسائل حل کئے جائیں گے، وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد

پنجاب حکومت نے تاجر برادری کے مطالبات پر غور اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نگران کابینہ کے وزرأ، تاجر رہنما اور متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔ یہ فیصلہ نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور، زکوۃ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر اور وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد سے تاجر رہنمائوں کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ تاجر رہنمائوں میں اشرف بھٹی، محبوب علی سرکی، سہیل محمود بٹ، میاں طارق فیروز، طاہر بھٹی اور دیگر شامل تھے۔ سید اظفر علی ناصر نے بتایا کہ یہ ملاقات نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر تاجر برادری کے مسائل جاننے کیلئے رکھی گئی ہے کیونکہ وزیراعلیٰ عوامی مسائل کے براہ راست حل کے خواہاں ہیں۔
ملاقات کے دوران تاجر رہنمائوں نے سکیورٹی، ٹریفک جام، پارکنگ اور صفائی سے متعلق شکایات پیش کیں۔ وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے یقین دلایا کہ سکیورٹی، صفائی، تجاوزات سمیت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ مارکیٹوں میں صفائی یقینی بنانے کے عمل کی خود نگرانی کروں گا۔ تاجر رہنمائوں نے لاہور میں صفائی کی صورتحال پہلے سے بہتر ہونے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے اقدامات کی کامیابی کے لئے تاجر کمیونٹی بھرپور تعاون کرے گی۔
وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ روزمرہ کے معاملات بہتر انداز میں چلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ تاجر رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تاجروں کی شکایات پر ایکشن لیا جائے گا۔ کسی بھی شعبے میں کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ کے حکم پر پورے پنجاب میں ایک ماہ پر مشتمل صفائی مہم شروع ہو رہی ہے۔ "صفائی نصف ایمان مہم” کے اہداف کے حصول کے لئے عوام اور تاجر بھرپور تعاون کریں۔ اس موقع پر تاجر رہنما اشرف بھٹی نے کہا کہ انارکلی بازار میں پارکنگ کا مسئلہ برسوں سے حل طلب ہے، اس پر توجہ دی جائے۔ محبوب علی سرکی نے کہا کہ پنجاب حکومت کا تاجروں کو مدعو کرنا خوش آئند ہے۔ سہیل محمود بٹ نے مطالبہ کیا کہ مال روڈ پر تاجروں کو روز روز کے مظاہروں اور ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات دلائی جائے۔ میاں طارق فیروز نے کہا کہ مارکیٹوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button