جرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک آر پی اوز کانفرنس کا انعقاد، مختلف ریجنز میں جرائم کی صورتحال اور پولیس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

صوبہ بھر میں ڈکیتی، راہزنی اور قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کیلئے کاروائیوں میں تیزی کا حکم

منشیات بالخصوص آئس اور شیشہ سمیت دیگر ماڈرن و خطرناک ڈرگز کے خاتمے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور

تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن ملزمان کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب

بچوں اور خواتین سے پر تشدد، زیادتی اور ہراسمنٹ کے واقعات پر پولیس کاروائی میں تاخیر کے ذمہ داران خود کو سخت کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔ آئی جی پنجاب

نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں وضع کردہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب

دہشت گردی خطرات کے پیش نظر اقلیتی عبادت گاہوں، حساس دفاتر و مقامات کے سکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور

لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی، اغواء برائے تاوان اور قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کیلئے انسدادی کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور عادی و پیشہ ور مجرمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز خود نگرانی کریں اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے ذریعے خطرناک گروہوں کا صفایا کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبہ بھر سے منشیات بالخصوص آئس اور شیشہ سمیت دیگر ماڈرن و خطرناک ڈرگز کے خاتمے کیلئے کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے انہیں پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لت لگانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ان ناسوروں کا جڑ سے صفایا کیا جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ بچوں اور خواتین سے پر تشدد، زیادتی اور ہراسمنٹ کے واقعات پر پولیس کاروائی میں تاخیر کے ذمہ داران خود کو سخت کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ زیادتی کے مقدمات کی تفتیش میں فارنزک سائنس اور جدید طریقہ تفتیش پر فوکس کیا جائے اور ایسے جرائم میں ملوث عادی و پیشہ ور مجرمان کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت سخت قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور خطرناک کھیل سے انسانی جانوں کیلئے خطرات کا باعث بننے والوں کو سخت سے سخت سزائیں دلوانے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے اتوار کے روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے مختلف ریجنز میں جرائم کی صورتحال اور پولیس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دوران حراست تشدد یا ہلاکت کسی صورت قابل قبول نہیں، ایسے واقعات کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائی میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دوران تفتیش جدید مہارتوں اور فارنزک سائنس سے بھرپور استفادہ کو تقویت دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی املاک پر قبضے کرنے والے مافیاز اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ دہشت گردی خطرات کے پیش نظر اقلیتی عبادت گاہوں، حساس دفاتر و مقامات کے سکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں وضع کردہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے تاکید کی کہ پی ایس ایل سکیورٹی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی بالخصوص چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں کے دفاتر و رہائش گاہوں اور ذاتی سکیورٹی کا بطور خاص خیال رکھا جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آئی ٹی، احسن یونس، ڈی آئی جی ایس پی یو، طیب حفیظ چیمہ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب، اعجاز اسد ملہی اور اے آئی جی مانیٹرنگ، احسان اللہ چوہان موجود تھے جبکہ مختلف ریجنز کے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ایس ایس پیز انویسٹی گیشن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button