سٹیصحت

عالمی گیسٹرو انٹرالوجی کانفرنس میں 127 ریسرچ پیپرز پڑھے گئے،80 لیکچرز منعقد ہوئے

بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں:پروفیسر غیاث النبی طیب /پروفیسر اسرار الحق طور
زندہ دلان لاہور کی مہمان نوازی کی شاندار روایات سے لبریز بہترین یادیں اپنے ہمراہ لے کر وطن واپس جا رہے ہیں: عالمی ڈاکٹرزکی گفتگو

لاہور(خبر نگار)پاکستان سوسائٹی آف گیسٹرو انٹرالوجی کے زیراہتمام پانچ روزہ انٹرنیشنل گیسٹرو انٹرالوجی کا نفرنس اتوار کو مقامی ہوٹل میں اختتام پزیرہو گئی۔ کانفرنس کے آخری روز جنرل ہسپتال میں نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈکس کو اینڈو سکوپی کی عملی تربیت بھی دی گئی۔ پروفیسر غیاث النبی طیب اور پروفیسر اسرار الحق طورکا کہنا ہے کہ کامیاب ڈاکٹر وہی ہے جس کا نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈکس جدید تربیت یافتہ اور ماڈرن طبی آلات سے لیس ہوں۔ اس موقع پر بیرون ممالک سے کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے معالجین، گیسٹرو انٹرالوجسٹس اور ماہرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ گیسٹرو انٹرالوجی کو بہترین ماڈل ادارہ قرار دیا جہاں مریضوں کو اینڈوسکوپی، ای آر سی پی، کلونو سکوپی، مینوگرافی اور عالمی معیار کی دیگر طبی سہولیا ت میسر ہیں۔
کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر اسرار الحق طورنے بتایا کہ اس کانفرنس میں ماہرین نے مجموعی طور پر127 ریسرچ پیپرز پڑھے گئے جبکہ دوران کانفرنس80 لیکچرز منعقد ہوئے۔ کانفرنس میں تین ہزار سے زائد ڈاکٹرز شریک ہوئے۔ شرکا کو ہینڈا ٓن ٹریننگ اور اینڈو سکوپی کے لائیو پروسیجرز بھی کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج سے انسانی جانیں بچانے کے بارے میں شعور کو زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں مریض خود بھی اور اس کے لواحقین خاص طور پر ذمہ دار ہیں کہ وہ بیماری کی صورت میں ٹال مٹول کی بجائے فوری طور ہسپتالوں میں متعلقہ شعبوں سے رجوع کریں۔
کانفرنس میں شریک غیر ملکی مندوبین اور ڈاکٹرز کیلئے خصوصی طور پر لاہور شہر کے قدیم تاریخی سیاحتی مقامات کی سیر کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ غیر ملکی ڈاکٹرزنے لاہور کے تاریخی مقامات کے دورے کو اپنی زندگی کے شاندار لمحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور کی خوش اخلاقی اور مہمان نوازی کی شاندار روایات سے لبریز بہترین یادیں اپنے ہمراہ لے کر وطن واپس جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button