پاکستانکھیل

آئی جی پنجاب کا پی ایس ایل کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے لاہور اور راولپنڈی پولیس کیلئے خصوصی پیغام

پی ایس ایل پاکستان کا برینڈ ہے، جس کا پر امن انعقاد اور سکیورٹی ڈیوٹی ہمارا قومی فریضہ ہے۔ آئی جی پنجاب
پی ایس ایل ڈیوٹی صرف اسٹیڈیم،روٹ یا ہوٹل کے گردونواح نہیں بلکہ ہر اس جگہ ہے جہاں کوئی خطرہ نظر آئے۔ ڈاکٹر عثمان انور
شائقین کرکٹ کی چیکنگ کا عمل خوش اخلاقی سے ایس اوپیز کے مطابق پورا کیا جائے۔ آئی جی پنجاب
خواتین کو اسٹیڈیم میں بہتر سیٹوں کی فراہمی میں ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور اور راولپنڈی میں پی ایس ایل میچز کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے لاہور اور راولپنڈی پولیس کو خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اپنے پیغام میں کہاکہ پی ایس ایل پاکستانی کرکٹ کا برینڈ ہے جس کا پر امن انعقاد ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پی ایس ایل سکیورٹی صرف محکمانہ ڈیوٹی نہیں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ہمارا قومی فریضہ ہے جسے بھرپور فرض شناسی اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب نے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو کہا کہ پی ایس ایل ڈیوٹی صرف اسٹیڈیم،روٹ یا ہوٹل کے گردونواح نہیں بلکہ ہر اس جگہ ہے جہاں کوئی خطرہ نظر آئے۔ ڈاکٹر عثمان انورنے واضح کیا کہ پولیس ٹیموں کو دہشت گردی، نقصِ امن اور ہلڑ بازی میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف فوری کاروائی کو یقینی بنانا ہے اور چاق و چوبند ہو کر فرائض ادا کرتے ہوئے ہر اس ہاتھ کو روکنا ہے جو امن وامان کی صورتحال میں خرابی کا باعث بنے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ کرکٹ ٹیموں کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی سہولت اور ٹریفک کی ہموار روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی جگہ سڑک کو غیر ضروری طورپر بند نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کی چیکنگ کا عمل خوش اخلاقی سے ایس اوپیز کے مطابق پورا کیا جائے اور خواتین کو اسٹیڈیم میں بہتر سیٹوں کی فراہمی میں ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے کھانے اور ویلفیئر کیلئے اقدامات کو بہتر سے بہتر بنایاجارہا ہے لہذا سکیورٹی ٹیمیں اپنی تمام تر توجہ میچوں کے پر امن انعقاد اور شہریوں کی سہولت پر مرکوز رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سکیورٹی ٹیمیں اپنے گردونواح پر نظر رکھیں اور سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ پولیس ٹیمیں اپنے فرائض کو بہتر سے بہتر طور پر ادا کریں گی اور پاکستانی کرکٹ کے برینڈ پی ایس ایل کو مزید کامیاب بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button