
رمضان المبارک اور دو ہفتے بعد مسیحی روزوں کا استقبال
لاہور( خبر نگار) فیسز پاکستان اور یوتھ کونسل فار انٹر فیتھ اینڈ ہارمنی کی باہمی شراکت سے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ افطار پارٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق و اقلیتی امور محمد یوسف ،
مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی یوتھ،مذہبی رہنما مولانا شکیل الرحمن ، صدر نیشنل کونسل فار انٹرفیتھ پیس اینڈ ہارمنی، پنڈت بھگت لال ، سید کاظم رضا نقوی ، ریونڈر ڈاکٹر مجید ایبل ، مفتی سید عاشق حسین اور دیگر نے شرکت کی۔فیسز پاکستان کے صدر اور یوتھ کونسل فار انٹرفیتھ پیس اینڈ ہارمنی کے بانی جاوید ولیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہی اصل اثاثہ ہوتا ہے جبکہ ہم لوگ خوش قسمت ہیں کہ پاکستان بھر میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے اور یقینی طور پر ایک پُرامن اور خوشحال پاکستان کے ضامن نوجوان نسل ہی ہے۔ جاوید ولیم کا کہنا تھا کہ افطار کا مقصد قومی اور بین الاقوامی سطح پر یہ اُجاگر کرنا تھا کہ پاکستانی سماج مذہبی تفریق اور فرقہ واریت سے پاک سماج ہے۔ترکی کے سفیر امیر اوزبے نے کہا پاکستان کی خوبصورتی ہے کہ یہاں تمام مسالک کے لوگوں جمع ہیں اور ایک میز پر اکٹھے ہوکر اُفطار کرتے ہیں۔ کوآرڈینیٹر( یوتھ کونسل انٹر فیتھ پیس اینڈ ہارمنی سائرہ بٹ نے کہا ہمیں ایک دوسرے کو قبول کرنا ہے یہی پاکستان کی بقا ہے ۔یوتھ کونسل فار انٹر فیتھ پیس اینڈ ہارمنی نے “جانوروں کی کانفرنس” کے نام سے ایک ڈرامہ پیش کیا جس میںَ منطق تھی کہ ہمیں اپنے مذہب کے حقیقی معنوں کی طرف سفر کرنا ہے تاکہ محبت مذہبی ہم آہنگی اور میل جول کو فروغ ملے ۔ سب رہنماؤں کا مشترکہ طور پر کہنا تھا ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا دیس ہے جبکہ امن صلح سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ افطار کے موقع پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔







