جرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب کا ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ ونگ کے اہلکاروں کی ترقیوں اور یلفیئر کیلئے اہم اقدام

ٹیلی کمیونیکیشن ونگ کو جدید وسائل کی فراہمی سے مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

ڈاکٹر عثمان انور نے ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ ونگ کے 670 اہلکاروں کی محکمانہ ترقیوں کی سمری پر دستخط کر دیئے۔

لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ ونگ کے اہلکاروں کی محکمانہ ترقیوں اور یلفیئر کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے اور ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ ونگ کے 670 اہلکاروں کی محکمانہ ترقیوں کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے تحت ترقی کے اہل اہلکاروں کو میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی مل جائے گی۔ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن عمران احمر کے ہمراہ جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن کے اہلکاروں کے لسٹوں کے محکمانہ امتحان ہوچکے اور 350 کے قریب اہلکاروں کو اگلے اسکیل میں ترقی دی جا چکی ہے اور 650 اہلکاروں کی مزید ترقیوں کیلئے سمری کی منظوری کے بعد پروموشن بورڈ کا اجلاس جلد منعقد ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ان اہلکاروں کی اگلے رینک میں ترقیوں کے بعد جو سیٹیں خالی ہونگی ان پر مزید 450 اہلکاروں کی ترقیوں کی گنجائش نکل آئے گی اور یوں ترقی کے اہل ہر اہلکار کو اس کا محکمانہ حق بلا تاخیر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ٹیلی کمیونیکیشن ونگ پنجاب پولیس کا انتہائی اہم شعبہ ہے جس کو جدید وسائل کی فراہمی سے مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے اور ان تمام اقدامات کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن ونگ کے پیشہ ورانہ طور پر مزید فعال اور مضبوط ونگ بنانا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ محکمانہ ترقیوں کے بدلے میں ٹیلی کمیونیکیشن ونگ کے افسران و اہلکار پہلے سے زیادہ محنت اور بہترین کارکردگی سے محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کریں۔
ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن عمران احمر نے اپنی گفتگو میں کہاکہ ضلع اور تھانوں میں موجودٹیلی کمیونیکیشن کے کنٹرول سنٹرز کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن کے آپریٹرز ڈیجیٹل ٹریکر سسٹم اور جدید سافٹ وئیرز کے ساتھ ضلعی پولیس کو مکمل سپورٹ فراہم کررہے ہیں اور اچھی کارکردگی کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ٹیلی کمیونیکیشن کے ملازمین کرائم فائٹنگ کے ساتھ ساتھ گڈ گورنس کے لیے مختلف شعبوں میں بہترین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اہلکاروں کی بہترین ویلفیئر اور پیشہ ورانہ ترقیوں میں کوئی رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button