سٹی

شہرِ لاہور کو صاف رکھنے کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا اشتراک

لاہور جیسے میٹروپولیٹن شہر کیلئے سیف اینڈ سمارٹ سٹی کانسیپٹ ناگزیر ہے، مینجنگ ڈائریکٹر کامران خان

لاہور (خبر نگار)
شہرِ لاہور کو صاف رکھنے کے حوالے سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا اشتراک ہوا ہے جس کے تحت لاہور میٹروپولیٹن شہر کیلئے سیف اینڈ سمارٹ سٹی کانسیپٹ کے تحت کام کرنے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کے کوڑے دانوں میں جدید سینسرز نصب کیے جائیں گے۔سینسرز کی مدد سے کوڑا دان کے بھرنے اور مقدار کی بروقت اطلاع مل سکے گی۔سیف سٹیز کیمرے شہر میں کچرے کی نشاندہی بھی کریں گے۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نشاندہی پر ٹارگٹڈ آپریشن یقینی بنائے گی۔کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے، ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹرپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے بتایا کہ لاہور جیسے میٹروپولیٹن شہر کیلئے سیف اینڈ سمارٹ سٹی کانسیپٹ ناگزیر ہے۔کوڑے دانوں کی لائیو مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹیز کیمروں کے سرویلنس ایریا میں رکھا جائے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی شہر کی بہتری کیلئے تمام محکمہ جات کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسربلال صاحب دین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا تھاکہ سیف سٹی کیمروں کی تصویری رپورٹ خود احتسابی، ڈیوٹی چیکنگ اور بروقت کارروائیوں میں معاون ہے۔سیف سٹیز کیمرے شہر کو صاف رکھنے میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔سڑک پر کسی قسم کا ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مون سون سیزن اور عید الاضحیٰ کے دوران خصوصی صفائی مہم کیلئے بھی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا ہے۔بعدا زاں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے وفد کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا اور اعزازی شیلڈ ز کاتبادلہ بھی کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button