لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتما م 26ویں دس روزہ الحمراء تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا
لاہور(خبر نگار)نامور ادیب ودانشور و ڈرامہ نویس عطاء الحق قاسمی کی الحمراء آمد پر ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔عطاء الحق نے محمد سلیم ساگر کے ہمراہ ڈرامہ فیسٹیول کا افتتاح کیا۔26ویں الحمراء ڈرامہ فیسٹیول میں د س ڈرامے پیش کئے جائیں گے۔عطاء الحق قاسمی کی الحمراء انتظامیہ کو دس روزہ تھیٹر فیسٹیول سجانے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ مجھے الحمراء سے پیار ہے، محمد سلیم ساگر کی سربراہی میں الحمراء بے پناہ ترقی کرئے گا، معیاری ڈرامہ انسانی زندگی کا آئینہ دار ہوتے ہیں،جذبات و احساسات کی عکاسی کرتے ہیں،فیسٹیول میں شرکت کرنے والے تمام تھیٹر گروپس و اداکاروں کی خدمات کے معترف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الحمراء آرٹس کونسل پہلے کی طرح فعال اور متحرک ہے، عوام کے لئے معیاری پروگرامز پیش کیئے جا رہے ہیں۔نامور پروڈیوسر و ڈائریکٹر شاہد ندیم نے کہا کہ الحمراء میرے لئے دوسرا گھر ہے، محمد سلیم ساگر الحمراء میں خوشگوار اضافہ ہیں۔نامور شاعر عباس تابش نے کہا کہ آرٹ کو جانے والا ہی آرٹ کی قدر کرتا ہے۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے اس موقع پر کہا کہ سچا اور کھرا ادب ہمیشہ اپنی دھرتی کی خوشبو سے مالا مال ہوتا ہے،نئی نسل ڈرامہ فیسٹیول دیکھنے کے بعد اپنی روایات سے بہتر طور پر آگاہ ہونگے،تھیٹر کی عہد بہ عہد ترقی میں الحمراء اپنا مثالی اور منفرد مقام رکھتا ہے۔فیسٹیول میں ڈرامہ ”ہتک“،”منٹو سے ملیے“،”روشنائی“،”باباجی تے میں“،”لالی“ پیش کئے جائیں گے۔”بُلھا تے بندہ/مائنڈ بلوئنگ“،”یلوہیڈز“،”گڈیاں پٹولے“،”اک چادر میلی سی“،”کیہہ جاناں میں کون“ بھی فیسٹیول کا حصہ ہونگے۔ 26واں د س روزہ الحمراء تھیٹر ڈرامہ فیسٹیول 22تا 31مئی 2023الحمراء ہال نمبر 2میں شام 7بجے پیش کیا جائے گا۔تھیٹر فیسٹیول میں ”ماس فاؤنڈیشن“،”عکس تھیٹر“،”ناٹک پروڈکشن“،”سلامت پروڈکشن“،”گفٹ تھیٹر اینڈ فلم کمپنی“،”اجوکاء انسٹی /آرٹ آف ایکٹنگ اسٹوڈنٹس“،”چھوٹا موٹا تھیٹر“،”تمثیل نگر“،”نورتن تھیٹر“اور ”آزاد تھیٹر“ اپنا اپنا ڈرامہ پیش کریں گے۔الحمراء تھیٹر فیسٹیول دیکھنے والوں کے لئے بالکل فری ہے،تمام ڈرامے نہایت معیاری اورسماجی زندگی میں مثبت رویوں کے فروغ کا پیش خیمہ ثا بت ہونگے۔الحمراء تھیٹر فیسٹیول کے دوسرے روز آج مورخہ 23مئی 2023بروز منگل عکس تھیٹر اپنا ڈرامہ ”منٹو سے ملیے“ پیش کرئے گا۔